بھارت سازگار ماحول پیدا کرے ، مذاکرات کیلئے تیار ہیں ،بلاول بھٹو

22 ستمبر ، 2022

اسلام آباد ( وقائع نگار) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر کا تنازعہ انصاف اور بین الاقوامی قوانین کی بنیاد پر پرامن طریقے سے حل کئے بغیر جنوبی ایشیا میں امن قائم نہیں ہو سکتا ، پاکستان جموں و کشمیر کے تنازعہ کے حل کے لئے بھارت کے ساتھ دوبارہ مذاکرات شروع کرنے کے لئے تیار ہے تاہم اس طرح کے مذاکرات کے لئے سازگار ماحول پیدا کرنے کی ذمہ داری بھارت پر ہے، او آئی سی رابطہ گروپ نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بگڑتی ہوئی صورتحال پر بین الاقوامی توجہ مبذول کرانے میں اہم کردار ادا کیا ہے، او آئی سی کو اس معاملہ کو اقوام متحدہ کے متعلقہ فورمز پر اٹھانے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77ویں اجلاس کے موقع پر اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے جموں و کشمیر سے متعلق رابطہ گروپ کے وزارتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت 5 اگست 2019 کو شروع کئے گئے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کو واپس لے، بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرے، مقبوضہ علاقے میں آبادیاتی تبدیلیوں کو روکے ،علاوہ ازیں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے نیویارک میں پاکستان کے مستقل مشن میں نوجوان وزراء خارجہ کے اجلاس کی میزبانی کی، ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ نے سب کے لیے سلامتی، امن اور ہم آہنگی کی ضمانت کے حامل مستقبل کے بین الاقوامی نظام کی تشکیل کے لیے چھ نکاتی ایجنڈے کا خاکہ پیش کیا، یہ موسمیاتی تبدیلی، تکنیکی اور سائنسی ترقیوں، ماحول دوست ملازمتوں، جدید سپلائی چینز، بحرانوں اور ہنگامی حالات سے متاثر عالمی معیشت، پرامن بقائے باہمی اور تنازعات کا حل، تزویراتی مسابقت ، مستقبل میں ممکنہ وبائی امراض اور مضبوط کثیر جہتی تعاون کی ضرورت جیسے چیلنجوں کا احاطہ کرے گا ،دریں اثناءوزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے چین کے سٹیٹ کونسلر اور وزیر خارجہ وانگ یی کی دعوت پر گروپ آف فرینڈز آف دی گلوبل ڈویلپمنٹ انیشیٹو (جی ڈی آئی) کے وزارتی اجلاس میں شرکت کی،اس موقع پر وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان ٹھوس اور وسیع اقتصادی تعاون کو فروغ دینے اور پائیدار ترقی کے اہداف کے نفاذ اور امن اور خوشحالی کے مشترکہ مستقبل کے لیے ہماری اجتماعی خواہش کو پورا کرنے کے لیے چین اور گروپ آف فرینڈز کے دیگر اراکین کے ساتھ مل کر کام کرنے کا منتظر ہے، علاوہ ازیں وزیرخارجہ نے امریکا کی انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ فنانس کارپوریشن کے سی ای او سکاٹ ناتھن سے ملاقات کی،دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں نجی شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع ، توانائی، زراعت کے علاوہ موسمیاتی تبدیلیوں سے مقابلے کے منصوبوں پر تبادلہ خیال ہوا،اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ معیشت اور خواتین کی خود مختاری پاکستان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے اسکاٹ ناتھن کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔