آسٹریلیا کے ساحل پر 230 وہیلز پراسرار طریقے سے پھنس گئیں

22 ستمبر ، 2022

کراچی (نیوز ڈیسک) آسٹریلیا کی ریاست تسمانیہ کے مغربی ساحل پر متعدد وہیلز پراسرار طریقے سے پھنس گئی ہیں۔ تسمانیہ کے محکمہ قدرتی وسائل و ماحولیات کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ 230 پائلٹ وہیلز ساحل پر پھنس گئی تھیں۔ بیان میں اندیشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ ان میں سے 50 فیصد وہیلز ہی زندہ ہیں۔ دوسری جانب تسمانیہ پارکس اینڈ وائلڈ لائف سروس کے فیس بک اکاؤنٹ میں ایک تصویر میں درجنوں وہیلز کو Macquarie ہاربر نامی ساحل پر دکھایا گیا ہے۔ ماہرین کی ایک ٹیم کو وہاں بھجوایا گیا تاکہ وہیلز کو وہاں سے نکالا جاسکے جبکہ عوام کو اس جگہ سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ یہ پہلا موقع نہیں جب تسمانیہ میں اس طرح کا واقعہ پیش آیا، گزشتہ دنوں ہی ایک درجن سے زیادہ اسپرم وہیلز کو کنگ آئی لینڈ کے ساحل پر مردہ دریافت کیا گیا تھا۔ اس سے قبل ستمبر 2020 میں بھی 470 پائلٹ وہیلز کو اس ریاست کے ساحلی حصے میں دریافت کیا گیا تھا جن میں سے 111 کو بچالیا گیا تھا۔ وہیل کے ساحل پر پھنسنے کی وجہ معلوم نہیں مگر ماہرین کا ماننا ہے کہ وہیل کی یہ قسم صوتی لہروں کو سفر کے لیے استعمال کرتی ہے اور کم گہرے پانی کا اندازہ نہیں کرپاتی۔