مبینہ آڈیو لیک تحقیقات، شوکت ترین ایف آئی اے میں پیش نہ ہوئے، طلبی کا نوٹس جاری

22 ستمبر ، 2022

اسلام آباد(صباح نیوز)مبینہ آڈیو لیک کی تحقیقات کے معاملہ پر طلب کرنے کے باوجود سابق وزیر خزانہ سینیٹر شوکت فیاض احمد ترین ،وفاقی تحقیقاتی ادارہ ( ایف آئی اے) کے سامنے پیش نہ ہوئے۔ ایف آئی اے نے شوکت ترین کو طلبی کا ایک اور نوٹس جاری کردیا ہے۔سابق وزیر خزانہ آج ایف آئی اے میں پیش ہو کراپنابیان ریکارڈ کرائیں ،عدم پیشی پر شوکت ترین کیخلاف کاروائی عمل میں لائی جائیگی،ایف آئی اے نے شوکت ترین کو آج دن11بجے پیش ہو کراپناریکارڈ کروانے کی ہدایت کی ہے۔ ایف آئے نے شوکت ترین کو وزیر خزانہ خیبرپختونخوا تیمورسلیم خان جھگڑا سے مبینہ ٹیلی فونک گفتگو کے معاملہ پر طلب کیا تھا تاہم وہ گزشتہ روز پیش نہیں ہوئے۔ایف آئی اے کے مطابق پیش نہ ہونے کی صورت میں شوکت ترین کے خلاف دفعہ174کے تحت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ جبکہ ایک رپورٹ کے مطابق شوکت ترین نے یقین دہانی کروائی ہے کہ وہ آج دن11بجے سے پہلے ہی ایف آئی اے سائبر کرائم رپورٹنگ مرکز سلام آباد میں پیش ہوجائیں گے۔واضح رہے کہ ایف آئی اے نے شوکت ترین کو عالمی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف)پروگرام کے حوالے سے مبینہ آڈیو کلپ کے معاملے پر نوٹس جاری کرتے ہوئےگزشتہ روز ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کی ہدایت کی تھی ۔گزشتہ مہینے ٹی وی چینلز اور سوشل میڈیا پر ایک آڈیو کلپ گردش کر رہی تھی، جس میں شوکت ترین کو خیبر پختونخوا اور پنجاب کے وزرائے خزانہ کو یہ ہدایات دیتے سنا جاسکتا تھا کہ وہ وفاقی حکومت اور آئی ایم ایف کو بتائیں کہ پاکستان میں تباہ کن سیلاب کی روشنی میں صوبائی بجٹ سرپلس کا وعدہ نہیں کر سکیں گے۔