وبائی بیماریاں زور پکڑ گئیں، سیکڑوں افراد ملیریا، گیسٹرو اور ڈینگی میں مبتلا، درجنوں ہلاک، اسپتالوں میں بیڈز کم، ملیریا کی دوائیں ناپید

22 ستمبر ، 2022

خیرپور/میہڑ/جیکب آباد(بیورو رپورٹ/نامہ نگاران) وبائی بیماریاں زور پکڑ گئیں، سیکڑوں افراد ملیریا ،گیسٹرو اور ڈینگی میں مبتلا ،درجنوں ہلاک، اسپتالوں میں بیڈزکم ،ملیریا کی دوا ئیں ناپید، خیرپور فیض گنج میں وبائی بیماریاں زور پکڑ گئیں جولائی سے ستمبر تک 17بچوں اور چار عورتوں سمیت 21افراد جاں بحق ہوچکے سیکڑوں افراد ملیریا گیسٹرو اور ڈینگی میں مبتلا ہیں، تفصیلات کے مطابق خیرپور کی تحصیل فیض گنج میں وبائی بیماریاں زور پکڑ گئیں، مون سون موسم کی بارشیں جولائی سے شروع ہوئی تھیں، بارشوں کے شروع ہونے اور دیہی و شہری علاقوں سے سیلابی پانی نہ نکالنے اور گندگی پھیلنے سے وبائی بیماریاں شروع ہوئیں، ستمبر تک 17بچوں اور چار عورتوں سمیت 21افراد جاں بحق ہوئے، جاںبحق ہونے والوں میں گوٹھ الہرکھیو چانگ میں 6 بچے جاںبحق ہوئے گوٹھ میاں جو ویرو میں دو عورتیں اور دو بچے جاںبحق ہوئے گوٹھ پکاچانگ میں ایک عورت اور دو بچے موت کا شکار ہوئے گوٹھ بسیرو میں ایک عورت اور تین بچے موت کے منہ میں چلے گئے گوٹھ ننگر شر میں ایک بچی جاںبحق ہوئی جبکہ دیگر اموات گوٹھ جاکھری ، گوٹھ حسین پاتو، کوٹ لالو، اکری اور دیگر علاقوں میں ہوئے۔ علاقہ مکینوں کے مطابق سیکڑوں بچے بوڑھے اور عورتیں وبائی بیماریوں میں مبتلا ہیں، صورتحال بہت خراب ہے، تحصیل فیض گنج کے بیشتر علاقوں میں 8سے 10فٹ تک بارش کا پانی جمع ہوگیا ہے گذشتہ دو ہفتوں کے دوران چار افراد سیلابی پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہوئے، حکومت سب سے پہلے وبائی بیماریوں پر بند باندھنے کے اقدامات کرے ورنہ صورتحال بے قابو ہوجائے گی۔ڈینگی بخار کے 6کیسز ظاہر چار کیس پولی ایمرجنسی سینٹر میں جبکہ دو کیسز ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال میں ظاہر ہوئےگندگی پھیلنے سے زہریلے مچھروں کی بہتات ہوگئی ہے، ڈاکٹر فرخ بھنبھرو، تفصیلات کے مطابق خیرپور میں ڈینگی بخار کے 6 کیسز ظاہر ہوئے ہیں پولی ایمرجنسی سینٹر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر فرخ بھنبھرو کے مطابق ڈینگی بخار کے چار مریض ان کے ایمرجنسی سینٹر میں آئے ہیں جبکہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال کے چائلڈ اسپیشلسٹ ڈاکٹر طارق ممتاز بھنبھرو کے مطابق ڈینگی کے دو مریض ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال میں آئے ہیں ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ گیسٹرو اور ملیریا کے ایک سو سے زائد نئے مریض سٹی اسپتال میں داخل ہوئے ہیں۔