میری حکومت کہیں جا رہی ہے، نہ پارٹی میں کوئی اختلافات، وزیراعلیٰ سندھ

22 ستمبر ، 2022

جیکب آباد / شکارپور / سکھر (نامہ نگاران / بیورو رپورٹ) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ بارشیں اللہ کی طرف سے آزمائش ہے ہر جگہ بارش کے پانی کی نکاسی کا مسئلہ ہے ، 100فیصد ریلیف دینا ہمارے بس میں نہیں ، پیپلز پارٹی میں کوئی اختلافات نہیں ،ایسی باتیں مضحکہ خیز ہیں ، میری حکومت کہیں نہیں جا رہی۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے کیا، کئی مقامات پر متاثرین نے وزیراعلیٰ سندھ کا راستہ روک لیا اور سہولتیں نہ ملنے کی شکایات کیں ، کئی مقامات پر متاثرین سیلاب وزیراعلیٰ سندھ کے پیروں میں گر پڑے اور امداد کی دہائی دی۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز وزیراعلیٰ سندھ نے جیکب آباد میں بائی پاس پر قائم بارش متاثرین کے ٹینٹ سٹی کا دورہ کیا ۔ انہوںنے کہا کہ پیپلز پارٹی میں کوئی اختلافات نہیں بارشیں اللہ کی طرف سے آزمائش ہے ہر جگہ بارش کے پانی کی نکاسی کا مسئلہ ہے پورا سندھ گھوم رہا ہوں دیکھ رہاہوں کہ پانی کو کیسے راستہ دیا جائے پانی جیکب آباد سے دوسرے ضلع میں جائے گا رائیٹ بینک کا سارا پانی منچھر سے ہوکر دریا میں جائے گا لیکن وہاں بھی 14فٹ پانی ہے بارش چھوٹے بڑے کو نہیں دیکھتی ۔ اس موقع پر صوبائی مشیر اعجا ز جکھرانی،رکن سندھ اسمبلی ڈاکٹر سہراب سرکی،ممتاز جکھرانی اور دیگر موجود تھے۔و زیر اعلی سندھ نے کہا کہ بارش کے بعد آپکے صوبائی مشیر کی زمین پانی میں ہے میرا پورا حلقہ ڈوبا ہوا ہے بارش کے علاوہ بلوچستان سے جو پانی آیا ہے اس مسئلے کے حل کے لئے میں جارہاہوں میرے ساتھ صوبائی وزیر آبپاشی بھی ہیں خود کو بچانے کے لئے دوسرے کو ڈوبویا نہیں جا سکتا سب کو دیکھنا ہوگا اسی لئے جیکب آباد آیا ہوں، چاول کی فصل تباہ ہو گئی ہے کوشش ہے کہ اب آبادگار گندم کی فصل کر سکیں۔