طاہر اشرفی کو عہدے سے ہٹانے کیخلاف حکومت پنجاب سے جواب طلب

22 ستمبر ، 2022

لاہور(نمائندہ جنگ) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد جمیل خان نے حافظ طاہر اشرفی کو چیئرمین متحدہ علماء بورڈ کے عہدے سے ہٹانے کیخلاف درخواست پر حکومت پنجاب سے ایک ہفتے میں جواب طلب کرلیا، حکومت کے وکیل ایک ہفتے تک بتائیں کہ کس قانون کے تحت یہ تقرری کی جاتی ہے،عدالت نے طاہر اشرفی کو عہدے سے ہٹانےکا نوٹیفکیشن فوری معطل کرنے کی استدعا مسترد کر دی، عدالت نے استفسار کیا کہ پنجاب حکومت کے وکیل ہفتے تک بتائیں کہ کس قانون کے تحت یہ تقرری کی جاتی ہے؟درخواست میں پنجاب حکومت، چیف سیکرٹری، محکمہ اوقاف، صاحبزادہ حامد رضا کو فریق بنایا گیا، وکیل درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ قانون میں علما بورڈ کے چیئرمین کو تقرری کے بعد مدت مکمل ہونے تک ہٹانے کی گنجائش نہیں۔