”دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘‘ ماہرہ کا بھی پوسٹر آگیا

22 ستمبر ، 2022

کراچی (جنگ نیوز) انسائیکلومیڈیا اور لاشاری فلمز کے بینر تلے ”جیوفلمز“ کی پیشکش، ”دی لیجنڈ آف مولا جٹ“ کی مقبولیت کے چرچے ہر طرف پھیل گئے ہیں۔ فواد خان اور حمزہ علی عباسی کے کرداروں پر مشتمل پوسٹر کی ریلیز اور 13 اکتوبر کو ”دی لیجنڈ آف مولا جٹ“ کی ریلیز کے قریب آنے کے بعد ٹیم ماہرہ خان کے کردار کا پوسٹر منظر عام پر لے آئی ہے جسے دیکھ کر لوگوں میں جوش و خروش مزید بڑھ گیا ہے۔ ماہرہ خان کا پوسٹر فلم میں مرکزی کردار ”مکھو“ کا کردار پیش کررہا ہے جس میں ان کا ایک دلکش روپ اور لمبے بالوں کا منفرد انداز دکھایا گیا ہے۔ اصل ”ʼمولا جٹ“ میں مکھو کا کردار آسیہ بیگم نے ادا کیا تھا اور اب ناظرین یہ دیکھنے کے لیے بے تاب ہیں کہ ماہرہ نے اپنے کرداروں کو کس طرح نبھایا ہے۔ بھارتی سپر اسٹار ریتھک روشن نے ماہرہ کے پوسٹر پر تبصرہ کرتے ہوئے ”Love It“لکھا ہے اُنہیں بھی تجسس ہے کہ یہ فلم لوگوں کو متاثر کرے گی۔ دی ”لیجنڈ آف مولا جٹ“ 1979 کی کلاسک فلم”مولا جٹ“کا ری بوٹ ہے۔ فلم کی ہدایت کاری ایوارڈ یافتہ ہدایت کار بلال لاشاری نے کی ہے اور اسے عمارہ حکمت نے انسائیکلو میڈیا اور لاشاری فلمز کے مشترکہ منصوبے کے تحت AAA موشن پکچرز کے تعاون سے پروڈیوس کیا ہے۔ اسکرین پلے بلال لاشاری کا ہے اور ڈائیلاگ ناصر ادیب نے لکھے ہیں۔ دی لیجنڈ آف مولا جٹ پاکستان کی پہلی میگا اسکیل پروڈکشن ہے جس میں سب سے مہنگی سٹار کاسٹ شامل ہے اِن میں ماہرہ خان، عمیمہ ملک، مرزا گوہر رشید، علی عظمت، فارس شفیع اور انڈسٹری کے دیگر کئی اہم سپر اسٹار ز شامل ہیں۔ فلم سازوں نے ”جیوفلمز“ کے ساتھ اس فلم کی پارٹنر شپ کی ہے جو پاکستان کا سب سے بڑا میڈیا گروپ اور پاکستانی سنیما کی بحالی میں ایک اہم شراکت دار کے طور پر کام کررہا ہے۔ یہ فلم 13 اکتوبر کو ”جیوفلمز“کے تعاون سے ملک اور بیرون ملک ایک ساتھ ریلیز ہوگی۔ مقامی طور پر اس فلم کو مانڈوی والا انٹرٹینمنٹ کے ندیم مانڈوی والا کی طرف سے تقسیم کیا جائے گا جو پاکستان فلم انڈسٹری کیلئے کئی دہائیوں میں اپنی کوششوں اور کام کیلئے مشہور ہیں جبکہ بین الاقوامی سطح پر فلم کو مووی گوورز انٹرٹینمنٹ کی جانب سے ڈسٹری بیوٹ کی جائے گی۔