مارچ کے شرکا ڈی چوک آئے تو دھونی دینگے، رانا ثنا

22 ستمبر ، 2022

اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی ،خصوصی نامہ نگار)وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نےایک بار پھر تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اس پاگل اور احمق شخص سے کوئی بات نہیں ہو سکتی،توشہ خانہ کیس میں چور رنگے ہاتھوں پکڑا گیا ہے،عمران خان نے 26 کروڑ کا فراڈ کیا، سونے کے قلم چرائے ہیں،شوکت خانم ہسپتال اور نمل یونیورسٹی کے اکائئونٹس کی پڑتال کریں تو اس میں بھی عمران خان کی چوری پکڑی جائے گی۔عمران خان نے توہین عدالت کی جو ثابت ہے۔ اب عمران خان معافی مانگ لے گا تو وہ توہین عدالت ختم تو نہیں ہوگی، احتجاج عمران خان کا آئینی حق ہے ، ایف نائن پارک میں احتجاج کریں۔مارچ کے شرکا ءنے اگر ڈی چوک آنے کی کوشش کی تو دھونی دیں گے۔جو صوبے عمران خان کے لانگ مارچ کو سپورٹ کریں گے وہ آئین کی صریحا خلاف ورزی کریں گے اور ایسے میں وفاقی حکومت آئین کے مطابق اقدام اٹھائے گی ۔ بدھ کو مشاورتی ورکشاپ سے خطاب کرتےہوئے رانا ثناءکا کہناتھاکہ جو قوم کو گمراہ کر رہا ہوں وہ کسی کا لاڈلا نہیں ہوسکتا۔ علماکرام رہنمائی کریں کہ ٹرانس جینڈر کے بارے میں ہمار امذہب کیا کہتا ہے ،جو دین کہتا ہے اس کے مطابق اپنی زندگیوں کو ریگولیٹ کرنا چاہیے ، اس کے بغیر زندگی گزاریں گے تو کسی طرف کے نہیں رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جس نے بھی عمران خان کی حمایت کی تھی آج وہ بھی کانوں کو ہاتھ لگا رہے ہیں ،عمران خان کے شر سے کوئی بھی محفوظ نہیں،قوم نہ سمجھی تو پھر ہمارا حال بھی اسی قوم کا ہوگا جس نے 50 سال غلامی کاٹی ہے،انہوں نےکہاکہ کسانوں کے احتجاج کی وجہ سے ریڈزون میں عام آمدورفت کو روکا گیا ہے، کسانوں سے اپیل ہے کہ وہ ڈی چوک کی ضد چھوڑ دیں، ان کی بات سننے کیلئے تیار ہیں۔