عمران ذاتی جنگ کو ملکی تباہی میں تبدیل کررہے ہیں،احسن اقبال

22 ستمبر ، 2022

کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیوکے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان کے طرز سیاست نے چار سال معیشت اور انتظامیہ کو مفلوج رکھا،جو لوگ عمران خان کی فارن فنڈنگ کرتے ہیں وہ انہیں انتشار کا ایجنڈا دیتے ہیں، عمران خان اپنی ذاتی جنگ کو ملک کی تباہی میں تبدیل کررہے ہیں،میزبان شاہزیب خانزادہ نے پروگرام میں تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان حکومت کیخلاف فیصلہ کن انداز میں سڑکوں پرآنے کا ارادہ کررہے ہیں، عمران خان نے ہفتے سے تحریک شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے، دوسری طرف حکومت بھی پی ٹی آئی کے احتجاج سے نمٹنے کی منصوبہ بندی کررہی ہے،وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ میرے کیس کے فیصلے نے عمران خان کے کرپشن کے بیانیے کی حقیقت عوام کے سامنے رکھ دی، عدالت نے نیب کو بار بار کہا کہ کرپشن کے ثبوت لے کر آئیں، آج بھی چیف جسٹس نے درجنوں بار ثبوتوں کا پوچھا مگر نیب کے پاس جواب نہیں تھا، عمران خان نے کرپشن کا جھوٹا بیانیہ بنا کر اپنے حمایتیوں میں ہیجان اور نفرت پیدا کی، کچھ عرصہ پہلے عمران خان کے حمایتیوں نے اسی بیانیہ سے متاثر ہو کر مجھ پر ایک ریسٹورنٹ میں آوازیں کسیں پھر معذرت بھی کی، عمران خان نے جلسوں میں مجھے ڈاکو پکار کر لوگوں کو گمراہ کیا۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عمران خان کے طرز سیاست نے چار سال معیشت اور انتظامیہ کو مفلوج رکھا، نارروال منصوبہ انہوں نے چار سال میں بھوت بنگلہ بنادیا،اس منصوبہ کو مکمل کرنے کیلئے کروڑوں روپے اضافی لگیں گے ،ان پیسوں کی ریکوری عمران خان اور نیب سے کریں گے، عمران خان پاکستان کے ساتھ بدترین دشمنی کررہے ہیں، پاک فوج میں سپاہی سے لے کر جنرل تک ہر شخص شہید ہونے کیلئے تیار ہے، جنرل سرفراز نے جو قربانی دی ابھی تک ان کا خون نہیں سوکھا ہے، عمران خان ملک میں انارکی پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ احسن اقبال نے کہا کہ تین کروڑ لوگ سیلاب میں ڈوبے ہیں اور عمران خان اسلام آباد پر چڑھائی کررہے ہیں، عمران خان نفسیاتی مریض بن چکے ہیں ، عمران خان کے منصوبے صرف انتشار کے ہیں ، عمران خان نے 2014ء اور 2017ء میں دارالحکومت پر چڑھائی کی،جو لوگ عمران خان کی فارن فنڈنگ کرتے ہیں وہ انہیں انتشار کا ایجنڈا دیتے ہیں، عمران خان اپنی ذاتی جنگ کو ملک کی تباہی میں تبدیل کررہے ہیں،عمران خان سے کئی بار کہا کہ الیکشن چاہتے ہیں تو خیبرپختونخوا اور پنجاب اسمبلیاں توڑ دیں۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ اس وقت تین کروڑ لوگ دربدر ہیں ، پنجاب اور خیبرپختونخوا اپنے وسائل کے دروازے سندھ اور بلوچستان کے بہن بھائیوں کیلئے کھول دیں، آئی ایم ایف سے معاہدہ کیا تو ملک استحکام کی طرف جارہا تھا، بارشوں اور سیلاب سے تیس ارب ڈالرز کا نقصان ہوا ہے، پوری دنیا اس نقصان پر ہمدردی کا اظہار کررہی ہے، عمران خان کو پتا ہونا چاہئے یہ وقت سیاست کا نہیں خدمت کا ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں کہ نواز شریف آرمی چیف کا فیصلہ کرنے کے اہل نہیں ہیں، آرمی چیف کی تقرری کا فیصلہ نواز شریف نہیں شہباز شریف کریں گے وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے اعلان کیا ہے کہ وہ عمران خان کو دھونی دیں گے، عمران خان نے لاہور میں وکلاء کنونشن سے خطاب میں کہا کہ ایک شیروں کی فوج جس کا سردار گیدڑ ہو وہ سو گیدڑوں کی فوج سے ہار جائے گی جس کا سردار شیر ہو۔شاہزیب خانزادہ نے تجزیے میں مزید کہا کہ حکومت بار بار یقین دہانی کرارہی ہے کہ ملک کے ڈیفالٹ کا خطرہ ٹل گیا ہے، روپے کی قدر میں استحکام آئے گا مگر مارکیٹس کو اعتماد نہیں دے پارہی ہے، اسٹاک مارکیٹس اور روپیہ مسلسل گر رہا ہے، گزشتہ 14کاروباری دنوں میں ایک بھی دن ایسا نہیں جس دن روپیہ نہ گرا ہو، ڈالر روپے کے مقابلہ میں تاریخ کی بلند ترین سطح کے پاس آگیا ہے، روپیہ کی قدر مسلسل گرنے کی وجہ سے عوام کو بین الاقوامی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ ملنے کے بجائے مزید اضافہ بھگتنا پڑرہا ہے۔