عمران خان اور فواد چوہدری کیخلاف توہین الیکشن کمیشن کے شوکاز معطل

22 ستمبر ، 2022

راولپنڈی(اپنے رپورٹرسے)لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ نے الیکشن کمیشن کی طرف سےچیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور فواد چوہدری کو جار ی کردہ شوکاز نوٹس معطل کرکے کیس لار جربنچ کی تشکیل کیلئے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو بھجوادیا ۔ لارجر بنچ 29ستمبر کو کیس کی سماعت کرے گا، عمران خان اور فواد چوہدری نے الیکشن کمیشن کے شوکاز نوٹسز کو عدالت عالیہ میں چیلنج کیا تھا۔ اور موقف اختیار کیا تھا کہ الیکشن کمیشن کو توہینِ عدالت کا نوٹس جاری کرنے کا اختیار حاصل نہیں۔ ساجد خان تنولی ڈی اٹارنی جنرل نے درخواستوں کی مخالفت کی، عدالت عالیہ نے دلائل سننے کے بعد نوٹس معطل کرتے ہوئے ای سی پی کو درخواست گزاروں کے خلاف کارروائی سے روکتے ہوئے لاجر بنچ کی تشکیل کیلئے معاملہ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو بھجوادیا۔جس پرلاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس صداقت علی خان اور جسٹس مرزا وقاص رؤف اور جسٹس جواد حسن پر مشتمل لارجر بنچ تشکیل دیدیا گیا ہے۔جو 29 ستمبر کو کیس کی سماعت کرینگے ۔