سیلاب متاثرین کے حالات دیکھ کر بہت دکھ ہوا ہے ، انجلینا جولی

22 ستمبر ، 2022

خیرپورناتھن شاہ (نامہ نگار ) مشہور ہالی ووڈ اداکارہ انجلیناجولی نےکہا ہے کہ سیلاب متاثرین کے حالات دیکھ کر بہت دکھ ہوا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق ہالی ووڈ کی مشہور اداکارہ اور انسانی حقوق خصوصی طور پر بچوں کیلئے جدو جہد کرنے والی تنظیم کی سربراہ انجلینا جولی ضلع دادو کے سیلاب متاثرہ علاقہ کا دورہ کرنے کیلئے چھنڈن کے مقام پر پہنچیں، اس موقع پر پاک فوج کے جوانوں نے سیکورٹی کے تحت تمام آنے جانے والی سڑکیں بند کردیں اور حفاظتی انتظامات سخت کردیئے۔ انجلینا جولی نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا فضائی جائزہ لینے کے بعد متاثرین سے ملاقات کی ، ان کے مسائل سنے اور تحائف تقسیم کئے۔ فوجی جوانوں کی کشتی میں سوار ہوکر گاؤںمغیری کے مقام پر پہنچ کر بچوں کے ساتھ مل کر تفصیلات معلوم کیں اور کشتی کے ذریعے ڈوبے ہوئے دیہات میں جاکر سیلاب کی تباہ کاریوں کا جائزہ لینے کے بعد ایم این وی بند کے مقام پر متاثرین سے ملاقات کرکے تیار کھانہ تقسیم کیا۔ اس موقع پر متاثرین سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حالات دیکھ کر بہت دکھ ہوا ہے، سندھ کے مختلف دیہات اور شہروں میں گھروں اور فصلوں کے نقصان اور بیماریوں سے انسانی جانیں ضائع ہونے پر سخت افسوس ہوا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ سیلاب سے متاثرین خصوصاً بچوں کی خوراک اور تعلیم کیلئے فنڈ جمع کرکے سندھ کے بے گھر افراد کی مدد کی جائیگی۔