رات گئے پٹرول نرخ بڑھانے سے عوام پریشان،پمپس پر خریداروں کی تکرار

22 ستمبر ، 2022

اسلام آباد ( ایجنسیاں ) عوام نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رات گئے اضافے پر شدید احتجاج کیا ہے اور کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کم ہو رہی ہیں جبکہ حکومت نے رات گئے پٹرول بم دوبارہ گرا دیا ہے اور اس کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے،پٹرول نرخ بڑھانے پر پمپس پر خریداروں اور ملازمین میں تکرار بھی ہوئی۔ٍیاد رہے کہ گزشتہ رات تقریبا دو بجے وزارت خزانہ کی جانب سے پٹرولیم منصوعات کی قیمتوں میں اضافہ کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا جس کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں ایک روپے 45 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا اس طرح پیٹرول کی نئی قیمت 237 روپے 43پیسے فی لیٹر ہو گئی،ڈیزل کی قیمت 245 روپے 43 پیسے فی لیٹر برقرار رکھی گئی ہے ،لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 4 روپے 26 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی جبکہ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 197 روپے 28 پیسے ہو گئی،مٹی کے تیل کی قیمت میں 8 روپے 30 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی اس طرح مٹی کے تیل کی نئی قیمت 202 روپے 2 پیسے فی لیٹر ہو گئی۔