سیلاب زدگان کو امدادی اشیا ء کی خریداری،NDMAکیلئے 10ارب روپے منظور

22 ستمبر ، 2022

اسلام آباد(کامرس رپورٹر ) اقتصادی رابطہ کمیٹی نے سیلاب زدگان کیلئے امدادی اشیاء کی خریداری اور لاجسٹکس کے ضمن میں این ڈی ایم اے کیلئے 10 ارب روپے کی منظوری دیدی اور وزارت خزانہ کو 5 ارب روپے فوری طورپرجاری کرنے کی ہدایت کی گئی۔ای سی سی نے پیرا سٹیامول کی قیمتوں کو مناسب رکھنےاورفراہمی یقینی بنانے کیلئےنئی سمری پیش کرنے کی ہدایت کی ہے،اجلاس میں وزارت تجارت کی طرف سے پیش کردہ سمری پر18 اگست تک پاکستان پہنچنے والی ممنوعہ درآمدی اشیا کی کھیپ کو جاری کرنے کی منظوری دی گئی۔اس پر سرچارج کی شرح لاگوہوگی۔ گوادرکی بندرگاہ کے ذریعہ گندم درآمد کرنے سے متعلق وزارت قومی غذائی تحفظ وتحقیق کی سمری مسترد کردی گئی، اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی زیر صدارت ہوا، کمیٹی کو بتایا گیا کہ سیلاب زدگان کیلئے این ڈی ایم اے نے ہنگامی بنیادوں پر دو ارب40کروڑ روپے مالیت کی خریداری شروع کر دی ہے،پہلے سے خریداری کی گئی سیلاب زدہ علاقوں کیلئے ناکافی ہے اس لیے این ڈی ایم اے سات ارب 11کروڑ30لاکھ روپے کی خریداری کے آرڈر جاری کیے ہیں ، قبل ازیں این ڈی ایم اے 8ارب روپے مختص کیے تھے ، یہ رقم ناکافی تھی اور ساڑھے 9ارب روپے سے خریداری چلی گئی تھی ، ریلیف اشیا کی خریداری کے علاوہ این ڈی ایم اے سیلاب زدہ علاقوں میں لاجسٹک سرگرمیوں میں بھی شامل ہے، ای سی سی نے این ڈی ایم اے کیلئے 10ارب روپے کی منظوری دی اور پانچ ارب روپے فوری طور پر جاری کرنے کی ہدایت کی ای سی سی نے 18اگست 2022تک پابندی والی اشیا پر مشتمل درآمدی کنسائمنٹ کو سرچارج کیساتھ کلیئرکرنے کی بھی منظوری دی ، ای سی سی میں وزارت صحت نے پیراسیٹامول کے خام مال پر عائد کسٹم ڈیوٹی اور اضافی کسٹم ڈیوٹی سے استثنیٰ کی سمری پیش کی ، ای سی سی نے اس سمری کو واپس لینے اور نئی سمری جمع کرانے کی ہدایت کی جس میں پیراسیٹامول کی حقیقت پر مبنی قیمت کا تعین ہو۔