میٹنگ کے بارے میں خاکوانی سے پوچھیں کہاں سے انفارمیشن آئی،صدر علوی

22 ستمبر ، 2022

کراچی (ٹی وی رپورٹ) صدرعارف علوی نے کہا ہے کہ مجھے ان لوگوں پر افسوس ہوتا ہے جو وفاداریاں بدلتے ہیں،بعض کرائسز میں تو لوگوں نےآئین کو بھی لپیٹ دیا ہے اور اس سے کتنا نقصان ملک کا ہوا،معیشت کی پالیسی کا تسلسل بہتر ہو تو معاملات بہتری کی طرف جاتے ہیں،اس سوال پر کہ آپ نے کہا کہ خبروں میں اکثر فیک نیوز ہوتی ہے ، آپ صدر ہاؤس میں موجود ہیں وہاں یہ کہا گیا کہ وہاں آپ نے ایک میٹنگ کروائی ہے بڑی اہم ، اور آپ کے اسحاق خاکوانی نے آن ایئر بات کہہ دی صدر عارف علوی نے کہا کہ یہ خاکوانی صاحب سے پوچھیں کہاں سے انفارمیشن آئی ہے، میں اس پر کوئی بات نہیں کرنا چاہتا کیوں کہ میں نے تو اس پر کوئی بات ہی نہیں کی آپ سے کہ میں کیا کوششیں کر رہا ہوں اگر ایک بات کروں گا یا ایک بات سے انکار کروں گا ایک بات کی حامی بھروں گا تو پھر وہ میرے سارے کام کمزور ہوجائیں گے میزبان کے کہنے پرکہ نہ تصدیق نہ تردید کرینگے اس پر صدر عارف علوی نے کہا کہ اس میں کوئی گفتگو میں کرنا نہیں چاہتا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک انٹرویو میں کیا ۔صدر عارف علوی نے کہاکہ میرا کام آئین کے تحت فیڈریشن کو یکجا رکھنے کی کوشش کرنا اور صوبوں کو بھی یکجا رکھنے کی کوشش کرنا ہے۔پاکستان کے کرائسز کے اندر پچھلی حکومت بھی کہتی تھی اور یہ حکومت بھی کہتی ہے کہ حکومت اور ملٹری ایک صفحے پر ہیں ، ہماری افواج ہمارے ساتھ قدم بہ قدم ہمارے ساتھ چلتی ہے اگر سیلاب ہے یا اور کوئی قدرتی آفت تو سب سے زیادہ ذمہ دار آرگنائزیشن یہی ہے ،جانیں بچانے کے لئے یہی تو ہیں جو ایک کال پر نکلتے ہیں اور اپنی جانیں دیتے ہیں ،دہشت گردی کا مقابلہ بھی یہی کرتے ہیں ۔