سینٹ ، خیبرپختونخوا کےارکان کا تمباکو پر ٹیکس لگائے جانے پر شدید احتجاج

27 ستمبر ، 2022

اسلام آباد (اپنے نامہ نگار سے)سینٹ میں خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے بعض سینیٹرز نے تمباکو کی فصل پر بہت زیادہ ٹیکس لگائے جانے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ پانچ لاکھ لوگوں کا روزگار تباہ ہو گیا ہے ،قائد ایوان اعظم نذیر تارڑ نے تجویز پیش کی کہ اس معاملے کو وزارت خزانہ کے ساتھ مل بیٹھ کر دیکھ لیا جائے تاکہ اس کا کوئی حل نکل سکے، پیر کو ایوان بالا میں سنیٹر فیصل سلیم رحمان نے کہا کہ تمباکو کی کاشت کرنے والے میرے پانچ لاکھ لوگوں کا روزگار تباہ ہو گیا ہے ، ہمیں لوگ بددعائیں دیتے ہیں کہ ایوانوں میں بیٹھے ہیں ، ہمارے صوبے کے ساتھ قطعاً ناانصافی ہے ، میں اپنے لوگوں کے حقوق کیلئے سب کچھ کرنے کو تیار ہوں ، اس پر کمیٹی بنائی جائے ، چیئرمین سینٹ نے یقین دہانی کروائی کہ کمیٹی بنائی جائے گے ، اس پر خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے سینیٹرز کھڑے ہو گئے اور شور شرابہ شروع کر دیا ، قائد ایوان نے کہا کہ وزیر خزانہ سے کہا ہےکہ وہ اس معاملے کا جائزہ لیں اگر اس میں جائز چیزیں ہیں تو مل کر حل کریں گے ، وزیر مملکت خزانہ نے کہا کہ وہ وزارت میں جاکر جائزہ لیں گے، وفد کی صورت میں ان سے بات کر لی جائے ، جو سہولت دی جاسکتی ہے اس کیلئے حاضر ہیں ۔