لاہور( نمائندہ جنگ)پنجاب کابینہ کی جانب سے 100ارب روپے کے احساس راشن رعایت پروگرام کی منظوری کے بعد اتوار سے رجسٹریشن کا آغاز ہوگیا ہے، چیئرپرسن احساس پروگرام ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ پروگرام سے 80لاکھ گھرانے مستفید ہونگے۔ پنجاب کابینہ نے100ارب روپے کے احساس راشن رعایت پروگرام کی منظوری دیدی ہے ۔80لاکھ گھرانے مستفید ہونگے اور آٹے، دال،گھی یا پکانے کے تیل پر40فیصد تک رعایت ہوگی۔ جو گھرانے اس پروگرام سے مستفید ہونا چاہتے ہیں اس کی و آر کوڈ کو سکین کر کے رجسٹریشن کروائیں۔ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے اپنے ٹویٹ میں بتایا کہ احساس راشن رعایت پروگرام کے تحت آٹے، دال، گھی یا پکانے کے تیل پر40 فیصد تک رعایت ہوگی، صارفین اور دکانداروں کے لیے رجسٹریشن کا آغاز ہوگیا ہے، گھرانے اور دکاندار اس پروگرام سے مستفید ہونے کے لئے کیو آر کوڈ کو سکین کر کے رجسٹریشن کروائیں۔ چیئرپرسن احساس پروگرام کا کہنا تھا کہ پہلے سے پروگرام میں شامل دکانداروں کو دوبارہ رجسٹریشن کی ضرورت نہیں، دکانداروں کو ہر سبسڈی سیل پر8 فیصد کمیشن اور ہر سہ ماہی میں قرعہ اندازی کے ذریعے قیمتی انعامات دیئے جائیں گے۔