لال حویلی اور متروکہ املاک کی اراضی پر قبضہ کیس کا فیصلہ محفوظ کرنے والا ایڈمنسٹریٹر تبدیل

03 اکتوبر ، 2022

راولپنڈی (این این آئی)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کی رہائش گاہ لال حویلی اور متروکہ وقف املاک بورڈ کے 7 یونٹس پر قبضے سے متعلق کیس کا فیصلہ محفوظ کرنے والے ایڈمنسٹریٹر کو عہدے سے ہٹا دیا گیا۔ذرائع نے بتایا کہ ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر متروکہ وقف املاک راولپنڈی آصف خان کو ہیڈ آفس لاہور رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے اور ان کی جگہ ایڈمنسٹریٹر متروکہ وقف املاک تنویر خان کو ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر کا اضافی چارج دے دیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق سیکرٹری وزارت مذہبی امور آفتاب درانی کے شیخ رشید سے قریبی تعلقات ہیں تاہم اس حوالے سے آفتاب درانی نے کہا کہ آصف خان کے تبادلے سے ان کا کوئی تعلق نہیں ہے، شیخ ریشد اور ان کے بھائی شیخ صدیق نے متروکہ وقف املاک بورڈ کے خلاف عدالت سے رجوع کیا تھا۔