شاہ چارلس لز ٹرس کے مشورے پر کلائمٹ چینج کانفرنس میں شریک نہیں ہوں گے

03 اکتوبر ، 2022

لندن (پی اے) بکنگھم پیلس نے تصدیق کی ہے کہ شاہ چارلس لز ٹرس کے مشورے پر اگلے ماہ مصر میں ہونے والی کلائمٹ چینج کانفرنس میں شریک نہیں ہوں گے۔ بکنگھم پیلس نے سنڈے ٹائمز کی خبر پر، جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ وزیراعظم لز ٹرس نے شاہ چارلس کو کلائمٹ چینج کانفرنس میں شرکت نہ کرنے کو کہا تھا، ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ COP27 کانفرنس میں شرکت کیلئے شاہ چارلس نے وزیراعظم لزٹرس سے مشورہ طلب کیا تھا اور لزٹرس کے مشورے کے بعد باہمی دوستی اور احترام کے رشتے کے تحت شاہ اس میں شرکت نہیں کریں گے۔ شاہ کا منصب سنبھالنے سے قبل گزشتہ ماہ شاہ نے، جو اس وقت شہزادہ چارلس تھے، اس کانفرنس میں شرکت کا عندیہ دیا تھا۔ شاہی مکتوب نگار جونی ڈائمنڈ نے بی بی سی سے کہا تھا کہ اس فیصلے پر شاہ کو خود بھی افسوس ہوا ہوگا کیونکہ وہ کئی عشروں سے ماحولیات سے متعلق کمپین میں شامل تھے لیکن محل کا کہنا ہے کہ یہ کہنا درست نہیں ہے کہ اس سے شاہ کو افسوس ہوا، وہ ہمیشہ حکومت کے مشورے پر عمل کے سلسلے میں آزاد رہے ہیں۔ گزشتہ سال نومبر میں شاہ چارلس کے اس وقت کے دوستوں نے کہا تھا کہ شہزادہ چارلس کلائمٹ ایکشن پر خوش اور مطمئن نہیں ہیں۔ شاہ نے اس دور میں حکومت کی ایما پر مصر کی حکومت کو کلائمٹ چینج کے حوالے سے کارروائی کرنے کی ترغیب دینے کیلئے مصر کا دورہ کیا تھا اور اپنے اس دورے میں صدر عبدالفتح السیسی سے ملاقات بھی کی تھی۔ شاہ نے ماحولیات سے متعلق مسائل پر گہری دلچسپی کا اظہار کیا تھا اور شہزادہ کی حیثیت سے کلائمٹ چینج کے اثرات کم کرنے کے حوالے سے ان کی کوششوں کا طویل ریکارڈ موجود ہے۔ گزشتہ سال گلاسگو میں ہونے والی COP26 کانفرنس میں بھی انھوں نے شرکت کی تھی اور تقریر کی تھی۔ آنجہانی ملکہ نے بھی ویڈیو لنک کے ذریعہ اس میں تقریر کی تھی۔ سینئر کنزرویٹو رکن پارلیمنٹ Tobias Ellwood کا کہنا ہے کہ انھیں توقع ہے کہ عقل سے کام لیا جائے گا اور شاہ کو کانفرنس میں شرکت کی اجازت دی جائے گی۔ مصر کے حکام کا کہنا ہے کہ وہ اپنی صدارت کے اختیارات استعمال کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیں گے کہ کلائمٹ چینج کی تباہکاریوں کا مقابلہ کرنے کیلئے سپورٹ کے وعدے پورے کرے۔ تاہم کانفرنس سے پہلے اس پر تنقید کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ حقوق انسانی واچ کا کہنا ہے کہ مصر نے ماحولیاتی گروپوں کے کاموں میں بری طرح کٹوتی کردی ہے لیکن قاہرہ میں حکام کو اس رپورٹ کو گمراہ کن قرار دیا ہے۔ اگلے ہفتے ملکہ کی وفات کا سوگ ختم ہونے کے بعد شاہ چارلس سرکاری مصروفیات شروع کریں گے، جس میں جنوبی ایشیائی کمیونٹی کیلئے ایڈنبرا میں دیا جانے والا ایک استقبالیہ اور Fife میں واقع Dunfermline Abbey کا دورہ شامل ہے۔