اسلام آباد (نمائندہ جنگ )وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن کے ذیلی ادارے نیشنل انفار میشن ٹیکنالوجی بورڈ (این آئی ٹی بی )میں منظور شدہ ریکروٹمنٹ رولز کے بغیرخلاف ضابطہ بھرتیوں کا انکشاف ہوا ہے ، آڈٹ نے ان بھرتیوں پر اعتراض اٹھاتے ہوئے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے 2014کے ایک خط کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ متعلقہ پوسٹ پر ابتدائی تقرری کیلئے منظور شدہ ریکروٹمنٹ رولز کا ہونا لازمی ہے ، وزارت یا پھر اس کے ذیلی اداروں وغیرہ میں ریکروٹمنٹ رولز کی غیرموجودگی میں سب سے پہلے ریکروٹمنٹ رولز کی تشکیل ضروری ہے ، بغیرمنظور شدہ ریکروٹمنٹ رولز کے تقرری نہیں کی جاسکتی ، این آئی ٹی بی انتظامیہ نے مالی سال 2020-21کے دوران7لوگوں کو بھرتی کیا ، آڈٹ نے کہا کہ یہ تمام بھرتیاں ریکروٹمنٹ رولز کی غیرموجودگی میں کی گئیں لہٰذا یہ بھرتیاں خلاف ضابطہ ہیں ، آڈٹ رپورٹ کی تیاری تک اس حوالے سے نہ تو انتظامیہ نے کوئی جواب دیا اور نہ ہی ڈیپارٹمنٹل اکائونٹ کمیٹی کا اجلاس بلایا گیا، آڈٹ نے سفارش کی ہے کہ بغیر کسی تاخیر کے ریکروٹمنٹ رولز منظور کروائے جائیں ۔