اسلام آباد(این این آئی)آج جب دنیا بھر میں عدم تشدد کا عالمی دن منایا جا رہا ہے،بھارتی فوجیوں نے مقبوضہ جموں و کشمیرمیں جنگی جرائم کا ارتکاب جاری رکھا ہوا ہے۔کشمیرمیڈیا سروس کی طرف سےجاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عدم تشدد کا عالمی دن کشمیریوں کے لیے کوئی اہمیت نہیں رکھتا کیونکہ وہ آج بھی بھارتی ریاستی دہشت گردی کی بھاری قیمت چکارہے ہیں اور مسلسل بھارت کے فوجی قبضے کے تحت زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کئی دہائیوں سے سفاک بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں مظالم کا سامنا کر رہے ہیں اورقابض فوجیوں کی طرف سے بے گناہ کشمیریوں کا قتل عام جاری ہے۔رپورٹ میں افسوس کا اظہار کیا گیا کہ گزشتہ ماہ ستمبر میں 17بے گناہ کشمیری بھارتی گولیوں کا نشانہ بنے جبکہ جنوری 1989سے اب تک مقبوضہ علاقے میں96ہزار 131کشمیریوں کو شہیدکیاگیاہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ علاقے میں بھارتی اقدامات کو بین الاقوامی قانون کے مطابق نسل کشی، انسانیت کے خلاف جرائم اور جنگی جرائم قراردیا جا سکتا ہے اور عدم تشدد کا عالمی دن منانے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ کشمیریوں کے خلاف بھارت کے جنگی جرائم کی مذمت کی جائے۔رپورٹ میں کہا گیا کہ دنیا کو فسطائی مودی کو مقبوضہ جموں وکشمیرمیں انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں سے روکنا ہوگا ۔