راولاکوٹ :جعل سازی سے پاکستانی پاسپورٹ بنوانے پر 5ملزمان گرفتار

03 اکتوبر ، 2022

پوٹھی مکوالاں( نمائندہ جنگ )جعل سازی سے پاکستانی پاسپورٹ راولاکوٹ پاسپورٹ آفس سے بنوانے پر پر دو افغانی باشندوں سمیت پانچ افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ پچاس سے زاہد افغان باشندوں کو پاسپورٹ جاری ہونے کا انکشاف ہوا۔ اعلیٰ آفیسر بھی دھندے میں شامل ہے۔ پانچ سے دس لاکھ روپیہ تک پاسپورٹ کا نذرانہ وصول کیاجاتا۔ پاسپورٹ حاصل کرنے والوں کی اکثریت بیرون ملک جا چکی۔ سرگودھا، لاہور، گجرات اور فیصل آ باد کے شہریوں تک نیٹ ورک پھیلا ہوا ہے۔ راولاکوٹ پولیس کے پاس شکایت درج کی گئی تھی کہ راولاکوٹ پاسپورٹ آفس کا عملہ رشوت لیکر جعل سازی کے زریعہ غیر ریاستی عناصر کو پاکستانی پاسپورٹ بنا دے رہا ہے جس کے بعد گجرات سے تعلق رکھنے والے انسانی سمگلر محسن رضاسمیت پانچ افراد گرفتارکرلیے،جن میں دو افغان شہری شامل ہیں۔ یہ گروہ جعل سازی سے راولاکوٹ سے پاسپورٹ بنوا کر لوگوں کو بیرون ممالک بھجواتا ہے۔