واشنگٹن (این این آئی) امریکہ میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ تجارت کے شعبہ میں مضبوط پاک امریکہ شراکت داری پاکستان میں حالیہ بحران کو امریکی کاروباری کمیونٹی کیلئے موقع میں بدل سکتی ہے کہ وہ ایسے گرین اور موسمیاتی موافق انفراسٹرکچر کی تعمیر میں سرمایہ کاری کریں جو کہ مستقبل میں قدرتی آفات کا مقابلہ کر سکے،پاکستان میں حالیہ سیلاب اور امریکی ریاست فلوریڈا اور اسکے ملحقہ ریاستوں میں سمندری طوفان نے دونوں ممالک کی موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو کم کرنے کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت کو مزید بڑھا دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار سفیر پاکستان نے صدر یو ایس چیمبر آف کامرس سوزین کلارک سے چیمبر کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سوزین کلارک نے پاکستان میں تباہ کن سیلاب سے ہونے والے جانی اور مالی نقصان پر دکھ کا اظہار کیا جس کی وجہ سے ملک کے ایک تہائی حصے میں فصلیں اور انفراسٹرکچر ملیا میٹ ہو گیا ہے۔ سفیر پاکستان مسعود خان نے فلوریڈا اور ملحقہ ریاستوں میں سمندری طوفان سے ہونے والی تباہی پر بھی افسوس اور ہمدردی کا اظہار کیا۔سفیر پاکستان نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کیلئے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر میں بروقت سرمایہ کاری سے نہ صرف ہمارے مستقبل کو محفوظ بنانے میں مدد ملے گی بلکہ موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے عالمی نقل مکانی، غذائی تحفظ کے بحرانوں اور دیگر کئی چیلنجز کا مقابلہ بھی کیا جاسکے گا۔مسعود خان نے کہا کہ امریکہ سالہا سال سے پاکستان کا اہم اقتصادی اور تجارتی شراکت دار رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان تعاون کو فروغ دینے اور حکومت کی جانب سے پالیسی سپورٹ فراہم کرنا انتہائی ضروری ہے۔مسعود خان نے یو ایس سی سی کی صدر کو بتایا کہ موجودہ حکومت نے ٹیک اسٹارٹ اپس کو فروغ دینے کے لیے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے حوالے سے خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دی ہیں۔