انڈونیشیا، فٹبال میچ کے بعد ہنگامہ آرائی سے ہلاکتوں کی تعداد 174ہوگئی

03 اکتوبر ، 2022

جکارتہ (اے پی پی) انڈونیشیا کے مشرقی صوبے جاوا کے علاقے ملنگ میں ایک فٹ بال میچ کے بعد بھگدڑ، دھکم پیل اور تصادم کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 174تک پہنچ گئی اور 180 دیگر زخمی ہو ئے ہیں۔ چینی خبررساں ادارے نے صوبے کے نائب گورنر ایمل دردک کے حوالے سے بتایا کہ انہوں نے 8 ہسپتالوں سے ڈیٹا حاصل کیا جو اس وقت اس واقعے کے متاثرین کا علاج کر رہے ہیں ، ڈیٹا کے مطابق ہنگامہ آرائی کے دوران مرنے والوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 174ہوگئی ہے۔ افراتفری گزشتہ روز ملنگ کے علاقے میں واقع سٹیڈیم میں اریما ملنگ کلب اور پرسی بایا سرابیا کے درمیان کھیلے گئے میچ کے بعد ہوئی جب پرسی بایا سرابیا نے 2کے مقابلے میں 3گول سے میچ اپنے نام کرلیا۔ہوم گرائونڈ پر میچ ہارنے پر اریما ملنگ کلب کے سینکڑوں مداح سٹیڈیم میں داخل ہوگئے، مشتعل مداحوں کو منتشتر کرنے کے لیے پولیس نے آنسو گیس کے شیل فائر کرنا شروع کر دیے جس سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور سٹیڈیم میں پولیس اور فٹبال مداحوں کے درمیان ہنگامہ آرائی کے نتیجے میں ہلاکتیں ہوئیں جن کی تعداد اب بڑھ کر 174تک پہنچ گئی جبکہ 180 افراد زخمی ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں 2 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ انڈونیشیا کے صدر نےپولیس کو واقعے کی تحقیقات کرنے کی ہدایت اور فٹ بال میچوں کے لیے سیکورٹی کے طریقہ کار کا مکمل جائزہ لینے کا حکم دیا ہے۔