اسلام آباد (اے پی پی) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال نے آج سے شروع ہونے والے ہفتہ کے دوران سپریم کورٹ پرنسپل سیٹ پر مختلف کیسز کی سماعت کیلئے 5 ریگولر جبکہ ایک سپیشل بنچ تشکیل دیا ہے۔ سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے جاری کئے گئے روسٹر کے مطابق 3 تا 7 اکتوبر 2022 کے دوران بنچ نمبر ایک چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں کیسز کی سماعت کرے گا جبکہ بنچ میں جسٹس سید منصور علی شاہ اور جسٹس عائشہ اے ملک شامل ہیں ۔ اسی طرح بنچ نمبر 2 کی سربراہی جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کریں گے جس میں جسٹس یحییٰ آفریدی اور جسٹس جمال خان مندوخیل شامل ہیں۔ روسٹر کے مطابق بنچ نمبر 3 کی سربراہ جسٹس سردار طارق مسعود کریں گے جبکہ بنچ میں ان کے ساتھ جسٹس امین الدین خان اور جسٹس محمد علی مظہر بھی شامل ہوں گے۔ مزید برآں بنچ نمبر 4 جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس منیب اختر اور سید مظاہر علی اکبر نقی پر مشتمل ہوگا۔ اسی طرح 3 تا 6 اکتوبر کے دوران بنچ نمبر 5 جسٹس سید منصور علی شاہ اور جسٹس عائشہ اے ملک پر مشتمل ہوگا جو ساڑھے گیارہ بجے کے بعد مختلف کیسز کی سماعت کرے گا۔ واضح رہے کہ سپیشل بنچ 4 اکتوبر کیلئے کو چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس سید منصور علی شاہ پر مشتمل ہوگا۔