پنجاب حکومت نے 2 ہیلتھ یونٹ سندھ بھیج دیئے،پرویز الہٰی احساس راشن پروگرام کی رجسٹریشن چیک کرنے سٹوروں پر پہنچ گئے

03 اکتوبر ، 2022

لاہور(نمائندہ خصوصی،اپنے نامہ نگار سے)پنجاب کابینہ کی جانب سے 100ارب روپے کے احساس راشن رعایت پروگرام کی منظوری کے بعد رجسٹریشن کا آغاز ہوگیا ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی پنجاب احساس راشن رعایت پروگرام کے آغاز پر رجسٹریشن چیک کرنے شادمان پہنچے تو سٹور مالکان اسرار اور عثمان سے دلچسپ مکالمہ ہوا، وزیر اعلیٰ نے دریافت کیا کہ کیا کریانہ تاجروں کو بھی احساس راشن رعایت پروگرام سے کوئی فائدہ ہوتا ہے تو سٹور مالک اسرار نے بتا یا کہ انہیں 8فیصد کمیشن ملتا ہے لیکن سب سے بڑی بات یہ ہے کہ مخلوق کی خدمت کرنے سے برکت ہوتی ہے ۔ یہاں لوگ آتے ہیں اور کم قیمت پر گھی ، آٹا اور دالیں لیکر دعائیں دیتے ہوئے جاتے ہیں ۔یہ ایسا اقدام ہے جس کی مثال نہیں ملتی۔وزیر اعلیٰ پرویز الٰہی نے تاجر کے جذبے کو سراہا ۔چیئرپرسن احساس پروگرام ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ پروگرام سے 80لاکھ گھرانے مستفید ہونگے ،آٹے، دال،گھی یا پکانے کے تیل پر40فیصد تک رعایت ہوگی۔ جو گھرانے اس پروگرام سے مستفید ہونا چاہتے ہیں اس کی و آر کوڈ کو سکین کر کے رجسٹریشن کروائیں ، پروگرام میں شامل دکانداروں کو دوبارہ رجسٹریشن کی ضرورت نہیں، دکانداروں کو ہر سبسڈی سیل پر8 فیصد کمیشن اور ہر سہ ماہی میں قرعہ اندازی کے ذریعے قیمتی انعامات دیئے جائیں گے ، کریانہ دکاندار بھی رجسٹریشن کروائیں ،دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پرپنجاب حکومت نے 2موبائل ہیلتھ یونٹ سندھ کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں بھیج دئیے ہیں۔ ہیلتھ یونٹ، میڈیکل ٹیمز او رادویات پر مشتمل میڈیکل ریلیف مشن پر مشتمل ہے ایک موبائل ہیلتھ یونٹ کو ضلع خیر پور او ردوسرے موبائل ہیلتھ یونٹ کو قمبر شہداد کوٹ میں سیلاب متاثرہ علاقوں میں بھیجا گیاہے۔وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے کہاہے کہ پنجاب حکومت سندھ سمیت دیگر صوبوں کے سیلاب متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے۔پہلے بھی 296ڈاکٹرز، نرسز اور ڈسپنسرز اور ادویات کے 9ٹرک جذبہ خیرسگالی کے تحت سندھ و بلوچستان بھیجے اورپنجاب حکومت کے میڈیکل مشن نے سندھ اور بلوچستان کے متاثرہ علاقوں میں میڈیکل کیمپس لگائے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب بڑے بھائی کا کرداراحسن طریقے سے نبھا رہاہے۔ سیاست سے بالا تر ہو کر دیگر صوبوں کے سیلاب متاثرین کی خدمت کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے،علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب سے پی ٹی آئی رہنماء ہمایوں اختر خان نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اور فلاح عامہ کے پروگرام پر بات چیت کی گئی، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہماری سیاست کا محور عام آدمی کے حالات میں بہتری لانا ہے اور ہمیشہ غریب آدمی کو ریلیف دینے کے لیے خلوص نیت سے کام کیا ہے، ہم ایسے کام کر رہے ہیں جو عوام ہمیشہ یاد رکھیں اور مسلم لیگ ن کی طرح انتقامی سیاست کبھی نہیں کی بلکہ ہمیشہ مثبت سیاسی روایات قائم کی ہیں۔ چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا کہ عمران خان پاکستان کے مقبول ترین لیڈر ہیں، عمران خان کا ساتھ دیا، دے رہے ہیں اور دیتے رہیں گے، ون مین شو کے بجائے پوری ٹیم کو ساتھ لے کر چلتا ہوں۔ ر ہمایوں اختر نے سے کہا کہ آپ کا سابقہ دور پنجاب کی تاریخ کا ریکارڈ ڈویلپمنٹ کا دور تھا اور اب بھی مختصر مدت میں آپ نے فلاح عامہ کے لیے شاندار اقدامات کیے ہیں۔