نارووال(صباح نیوز) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہعمران خان نے نہ جانے کون کونسی حساس دستاویزات کہاں کہاں پہنچائیں، عمران خان کو کسی جھوٹے مقدمے میں نہیں پکڑیں گے، عمران خان نے اپنی سیاست بچانے کیلئے تاریخ کا خطرناک کھیل کھیلا، ان کا سازش کا بیانیہ مٹی میں مل گیا، انہوں نے ذاتی مفادات کیلئے عوام کو استعمال کیا، چیئرمین پی ٹی آئی نے لوگوں کو ورغلانے کی پی ایچ ڈی کر رکھی ہے۔ نارووال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ اپنے ذاتی مفادات کیلئے لوگوں کو استعمال کیا گیا، ہسپتال کے نام پر اربوں روپے اکٹھے کر کے سیاست کیلئے استعمال کئے، عوام کے پیسے پر ڈاکہ ڈال کر اپنی سیاست چلائی، عمران خان نے قومی اداروں کے خلاف ریڈ لائن کراس کی، پی ٹی آئی نے ہیلی کاپٹر حادثہ کے شہدا پر بھی منفی سیاست کی، فارن فنڈنگ کرنے والے عمران خان کے ذریعے پاکستان میں انتشار اور انارکی پھیلا رہے ہیں، عمران خان اربوں روپے لگا کر جلسے کر رہے ہیں، دیگر پاکستانیوں کی طرح عمران خان کو بھی قانون کا سامنا کرنا ہوگا، سابق وزیراعظم کا ہر قسم کا فراڈ اور جھوٹ سامنے آ چکا ہے۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ ملک میں مہنگائی کی حالیہ لہر عمران خان کا دیا ہوا تحفہ ہے جس سے پوری قوم پس رہی ہے، پی ٹی آئی کا ہر شخص دعوے کرتا ہے کہ ہم نے بڑی اچھی معیشت چھوڑی جبکہ حقیقت اس کے الٹ ہے، جب ہم اقتدار میں آئے تو خدانخواستہ پاکستان ڈیفالٹ کی باتیں کی جا رہی تھیں اور اس بات پر شرطیں لگائی جا رہی تھیں کہ پاکستان ایک یا دو ہفتے میں سری لنکا بن جائیگا لیکن ہم نے قومی معیشت کو سہارا دیکر ڈیفالٹ سے بچایا ہے اور آج چار مہینوں کے بعد دنیا بھر میں پاکستان کی معیشت کے حوالہ سے کوئی منفی بات نہیں کی جا رہی۔ احسن اقبال نے عمران خان سے سوال کیا کہ جب 2018 میں ہم نے حکومت چھوڑی تو ملک کا ترقیاتی بجٹ ایک ہزار ارب روپے سے زیادہ تھا جبکہ آپ نے اپنی حکومت کے آخری مالی سال کی آخری سہ ماہی میں ترقیاتی بجٹ ہی جاری نہ کیا جب ہمیں 2022 میں حکومت ملی تو ملک کا ترقیاتی بجٹ 5 سو ارب روپے تھا جس کو 4 سال کے بعد 2 ہزار ارب روپے ہونا چاہئے تھا، آپ نے قومی خزانے کو خالی کر کے اس میں جھاڑو پھیر دی، پی ٹی آئی نے یہ سب جان بوجھ کر کیا تاکہ پاکستان کو مشکل معاشی صورتحال کا سامنا کرنا پڑے، آپ کی خواہش تھی کہ ہمیں اپنی قومی مفادات پر سودا کرنا پڑے لیکن آپ کی یہ خواہش پوری نہ ہوسکی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم کی قیادت نے آپ کو عدم اعتماد کے ذریعے حکومت سے اس لیے نکالا کہ ہم ملک کا تحفظ چاہتے تھے، عمران خان بیانیہ مٹی میں مل چکا ہے، ہم نے سیلاب زدگان کی طرح پہلے چار ماہ کے دوران قومی معیشت کو ریسکیو کیا اور اب اس کی بحالی پر توجہ دے رہے ہیں، ہم نے آپ کی ناکامی اور نالائقی کے نتیجہ میں معیشت کو ہونے والے نقصان سے بچایا ہے، ہم پی ٹی آئی کی نااہلیوں اور ناکامیوں کے کانٹے چن کر پاکستان میں دوبارہ سے ترقی کے پھول کھیلائیں گے، جو 2018 میں چھوڑے تھے، ہم پاک امریکا نالج کوریڈور کو بحال کر رہے ہیں تاکہ پاکستانی نوجوان بہترین تعلیم حاصل کر کے قومی ترقی اہم کردار ادا کرسکیں، پی ٹی آئی نے پارلیمان، عدلیہ، الیکشن کمیشن سمیت مسلح افواج اور دیگر قومی اداروں کے خلاف ریڈ لائن کراس کی ہے، فارن فنڈنگ کرنے والے عمران خان کے ذریعے پاکستان میں انتشار اور انارکی پھیلا رہے ہیں۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عمران خان کو قوم نے مسترد کر دیا ہے اور اب کہہ رہا ہے کہ مجھ سے سفارتی سائفر گم ہوگیا ہے، جو اس بات کا اعتراف ہے کہ عمران خان نے آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خلاف ورزی کی ہے۔ جو شخص پاکستان کی حساس دستاویزات کو نہیں سنبھال سکتا جو ملک کی پروٹیکٹیڈ پراپرٹی ہے، نہ جانے عمران خان نے ملک کی کون کونسی حساس دستاویزات اور معلومات کو کہاں کہاں پہنچایا ہے؟ انہوں نے الزام لگایا کہ وہ حساس معلومات اپنے فارن ڈونرز کو پہنچا رہا تھا، جن سے پیسہ لیتا تھا اور اس کے عوض خدمات دیتا تھا۔ احسن اقبال نے کہا کہ پتہ نہیں اس نے کہاں کہاں چوری کی ہے اور اہم قومی دستاویزات کو گم کیا ہے، تحقیقات پر اس کا پتہ چلے گا، عمران نیازی صاحب جس طرح آپ دیگر لوگوں کو قانون کا سامنا کرنے کا کہتے تھے اس طرح خود بھی قانون کا سامنا کریں کیونکہ آپ بھی دیگر پاکستانیوں کی طرح ہی قانون کے سامنے جوابدہ ہیں، ہم نے آپ کے بنائے جھوٹے مقدمات میں سزائے موت کے قیدیوں کی طرح بہادری سے چکیاں کاٹی ہیں، ہماری زبان سے کبھی اف نہیں نکلی ۔
راولپنڈی پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی نےافواجِ پاکستان کیخلاف بیان پر مولانا فضل الرحمٰن سے معافی کا...
اسلام آباد وزیر اعظم شہباز شریف، ان کے بھارتی ہم منصب نریندر مودی، چینی صدر شی جن پنگ، روسی صدر ولادیمیر...
مظفرآبادچیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر غلام مصطفی مغل نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں الیکشن بروقت ہوں گے، تمام...
اسلام آباد کسی کو اپنے عمل کا حساب کیا دیتے سوال سارے غلط تھے جواب کیا دیتے ،مولانا فضل الرحمن نے اپنا مقدمہ...
دبئی پاکستان کے سفارت خانے ابوظبی نے اعلان کیا ہے کہ 20جولائی 2026 سے تکنیکی اور انتظامی وجوہات کے باعث ای...
اسلام آباد پاکستان کے لیے اطالوی تعلیمی گرانٹ؛ یونیسکو 300 ملین روپے کا فنڈ مقررہ مدت میں خرچ نہ کر سکا،...
کراچی عرب میڈیا نے اسرائیلی ذریعے کے حوالے سے رپورٹ میں دعوی کیا ہے کہ ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای...
اسلام آباد جے یو آئی کا وکلا کنونشن جاری، اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کا اظہارِ لاتعلقی،اسلام...