رنگے ہاتھوں پکڑا گیا تو کہتا ہے سائفر گم ہوگیا، مریم نواز

03 اکتوبر ، 2022

اسلام آباد(این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز نے سابق وزیراعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ رنگے ہاتھوں پکڑا گیا تو کہتا ہے کہ سائفر گم ہوگیا ہے۔ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر سابق وزیراعظم عمران خان کے سائفر غائب ہونے کے بیان پر تنقید کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ سائفر صرف ایک کاغذ کا ٹکڑا نہیں بلکہ ریاست پاکستان کی امانت ہے اور قومی امانتوں میں خیانت کرکے ریاست کے مفادات کو پامال کرنے والے کو نشانِ عبرت بنانا چاہیے تاکہ پھر کسی فارن ایجنٹ کو ڈالروں کے عوض سیاسی بھیس بدل کر ملک کو نقصان پہنچانے کی ہمت نا ہو۔مریم نواز نے مزید کہا کہ ایک تو جعل سازی کی اور پھر اس خوف سے کہ پکڑا نا جاں، سائفر ہی غائب کر دیا، اب رنگے ہاتھوں پکڑا گیا تو کہتا ہے مجھ سے سائفر گم ہوگیا۔رہنما مسلم لیگ نواز مریم نواز نے مجھ سے سائفر گم گیا کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔