عمران کو پکڑنے کی ضرورت ہوئی تو گرفتار کرلینگے، عرفان قادر

03 اکتوبر ، 2022

اسلام آباد (صالح ظافر) وزیراعظم کے معاون خصوصی (ایس اے پی ایم) اور ممتاز آئینی ماہر عرفان قادر نے خبردار کیا ہے کہ جب تحقیقاتی اداروں کو پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کو پکڑنے کی ضرورت ہو گی تو انہیں گرفتار کر لیا جائے گا اور کسی کو پتہ نہیں چلے گا کہ وہ کیسے اور کہاں سے پکڑے گئے۔ ایک پیغام میں عرفان قادر، جو کہ ملک کے اٹارنی جنرل رہ چکے ہیں اور وفاقی وزیر کا درجہ رکھتے ہیں، نے واضح کیا کہ حکومت کا عمران کو کسی کمزور کیس میں گرفتار کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ انکے وارنٹ گرفتاری کا حوالہ دیتے ہوئے عرفان قادر نے کہا کہ یہ وارنٹ مجسٹریٹ نے کیس میں پیش نہ ہونے پر جاری کیا ہے۔یہ سادہ سی بات ہے اور اس وجہ سے وہ آسانی سے ہائی کورٹ سے قبل از گرفتاری ضمانت حاصل کر سکتے ہیں۔ عرفان قادر آج (پیر) اسلام آباد منتقل ہو رہے ہیں اور وہ پی ٹی آئی چیئرمین، انکے ساتھیوں اور دیگر کیخلاف زیر التوا مقدمات کو دیکھیں گے جنہوں نے گھناؤنے جرم کیے ہیں لیکن گرفتاری سے بچ رہے ہیں۔ عرفان قادر وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے پراسیکیوشن کے معاملات سے متعلق تمام صورتحال پر تبادلہ خیال کرینگے اور ضروری اقدامات کیلئے ہدایات جاری کرینگے۔