چھٹی کے دن عدالت کھل گئی، جج کو دھمکی کیس میں عمران خان کی حفاظتی ضمانت منظور، حاضری سے بھی استثنیٰ

03 اکتوبر ، 2022

اسلام آباد (ایجنسیاں)اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے خاتون جج زیبا چوہدری کو دھمکی دینے کے کیس میں عبوری ضمانت7اکتوبر تک منظور کرتے ہوئے پولیس کو ان کی گرفتاری سے روک دیا ہے۔ عدالت نے 10ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض عمران خان کی عبوری درخواست ضمانت منظور کی۔اتوارکو چھٹی کے روز پی ٹی آئی کی قانونی ٹیم کے رابطہ کرنے پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے دائری برانچ کا عملہ فوری عدالت پہنچا جہاں عمران خان کی جانب سے بابر اعوان ایڈووکیٹ نے وارنٹ گرفتاری کی منسوخی اور عبوری ضمانت کے لیے درخواست دائر کی۔جسٹس محسن اخترکیانی نے حفاظتی ضمانت کی منظوری کا تحریری حکم نامہ جاری جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ 7 اکتوبر تک عمران خان کی حفاظتی ضمانت منظور کی جاتی ہے، وہ 7 اکتوبر سے پہلے متعلقہ عدالت میں پیش ہوں۔عدالت نے کہا کہ 7 اکتوبر کو اس عدالت کا فیصلہ غیر موثر ہو جائے گا، عمران خان کی ذاتی حیثیت میں پیشی سے استثنیٰ کی درخواست بھی منظور کی جاتی ہے۔عدالت عالیہ نے کہا کہ وکیل کے مطابق مجسٹریٹ نے بغیر نوٹس وارنٹ جاری کیے، وکیل کا موقف ہے کہ عمران خان کیس کی پیروی کے لیے تیار ہیں۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے تحریری حکم نامے میں کہا ہے کہ وکیل کے مطابق اس کیس میں لگی تمام دفعات قابلِ ضمانت ہیں، وکیل نے کہاکہ ان حالات میں پولیس عمران خان کو گرفتار کرنا چاہتی ہے، ان کے گھر کو پولیس نے گھیرے میں لے رکھا ہے۔