ریلوے کرایوں میں کئی گنا اضافہ، 26 اگست سے بند ٹرین آپریشن جزوی بحال

03 اکتوبر ، 2022

لاہور( مانیٹرنگ نیوز) پاکستان ریلوے نے ٹرین آپریشن مرحلہ وارشروع کردیاجس کے بعد کرایوں میں بھی کئی گنا اضافہ کردیا گیا، نئے کرایوں کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔ پاکستان ریلویز کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کراچی ایکسپریس کی اکانومی کلاس کا کرایہ2350سے بڑھا کر3000روپے کر دیا گیا ہے،اس کے علاوہ اے سی بزنس کلاس کا کرایہ 5500سے بڑھا کر 7000اور اے سی سلیپر کا کرایہ6500سے بڑھا کر 9000 روپے کر دیا گیا ہے،قراقرم ایکسپریس کی اکانومی کلاس کا کرایہ 3000اور اے سی بزنس کا 7000روپے کر دیا گیا ہے،پاک بزنس ایکسپریس کی اکانومی کلاس کا کرایہ بڑھا کر 3000روپے کردیا گیا ہے جبکہ اسی ٹرین کی اے سی اسٹینڈرڈ کلاس کا کرایہ بڑھا کر 5000روپے کر دیا گیا ہے۔اسی طرح رحمان بابا ایکسپریس کی بزنس کلاس کا 9000اور اکانومی کلاس کا کرایہ 3000مقرر کیا گیا ہے جبکہ خیبر میل کا اے سے بزنس11000، اے سی سلیپر 9000اور اکانومی کا کرایہ3000روپے مقرر کیا گیا ہے۔ پاکستان ریلوے نے امسال جون میں بھی مسافر ٹرینوں کے کرایوں میں 20فیصد اضافہ کیا تھا۔