حکومتوں کی نااہلی اور بے حسی، کراچی مسائل کی آماجگاہ اور جرائم کا گڑھ بن گیا، سراج الحق کا ورکرز کنوشن سے خطاب

03 اکتوبر ، 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ وفاقی و صوبائی حکومتوں کی نا اہلی اور بے حسی کے باعث ملک کا سب سے بڑا شہر اور صوبائی دارلخلافہ مسائل کی آماجگاہ اور جرائم کا گڑھ بن گیا ہے، سڑکیں کھنڈرات میں تبدیل ہو گئی ہیں، عوام کو تعلیم، صحت، ٹرانسپورٹ اور پینے کے صاف پانی جیسی سہولتیں تک میسر نہیں، 14سال سے سندھ اور کراچی کو پیپلز پارٹی نے یرغمال بنایا ہواہے، کراچی میں حکمران پارٹیوں کی بلدیاتی انتخابات سے راہ فرار کی کوششیں ان کی شکست کی واضح علامت ہے۔ ملک بھر کے عوام مراعات یافتہ اور حکمران طبقے کے بیچ سینڈوچ بنے ہوئے ہیں اور حکمرانوں کی نا اہلی کی وجہ سے قومی خزانہ محفوظ ہے نہ توشہ خانہ اور نہ سائفر، ساری سیاست جھوٹ اور فریب پر چل رہی ہے، جس میں سچائی کو خوردبین سے بھی تلاش کرنا مشکل ہے،مسائل کا حل صرف جماعت اسلامی ہے جو اسلامی نظام کے نفاذ اور عدل و انصاف کی علمبردار ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو نیو ایم اے جناح روڈ پر جماعت اسلامی کے تحت کراچی میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں عظیم الشان اور تاریخی ”ورکرز کنونشن“سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کنونشن سے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن،نائب امراء کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی اور ڈاکٹر واسع شاکر نے بھی خطاب کیا۔سراج الحق نے مزید کہا کہ عالمی منڈی میں تیل قیمتوں میں کمی ہو رہی ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 100روپے فی لیٹر کی کمی کی جائے،انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی نے ملک کو یرغمال بنایا ہوا ہے، عوام کا جینا مشکل ہو گیا ہے، مسئلہ کشمیر، آئی ایم ایف کی غلامی، ایف اے ٹی ایف قوانین اور ٹرانس جینڈر ایکٹ پر یہ سب متفق ہیں، جھگڑا صرف مفادات کے حصول کا ہے، عوام کے مسائل و مشکلات اور بڑھتی ہوئی مہنگائی سے ان کو کوئی سرو کار نہیں، انہوں نے کہا کہ ملک اور قوم کو بحرانوں سے نکالنے، مسائل کے حل، انصاف کے حصول اور تحفظ، تعلیم، صحت اور روزگار کی فراہمی، خاندانی نظام کے استحکام اور بین الاقوامی ساہوکاروں سے نجات اور ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہونے کے لیے صرف ایک راستہ ہے کہ ملک میں اسلامی نظام نافذ کیا جائے، اللہ اور اس کے رسول ؐ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوں، جماعت اسلامی کی جدو جہد اسلامی نظام کے قیام کے لیے اور جماعت اسلامی کی قیادت کرپشن سے پاک اور دیانت دار قیادت ہے۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کے الیکٹرک کے خلاف ریفرنڈم میں بھی عوام سے بھر پور رابطہ ہوا ہے، رابطہ عوام مہم کو مزید تیز کیا جائے گا، بلدیاتی انتخابات سے کسی بھی فرار کا موقع نہیں دیا جائے گا۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ بلدیاتی انتخابات، ضمنی انتخابات سے قبل16اکتوبر کو کرائے جائیں۔ سندھ حکومت کبھی بارش اور کبھی سیلاب کا بہانہ بناکر انتخابات سے فرار کا راستہ اختیار کرتی رہی۔اندرون سندھ اور جنوبی پنجاب میں سیلاب کے موقع پر بھی جماعت اسلامی کے کارکنان اور عام شہری الخدمت کے رضاکار بن گئے اور خدمت کا کام جاری رکھا۔ کوئی بھی این جی او ریاست اور حکومت کا متبادل نہیں ہوسکتی۔