صف اول کے کھلاڑی نہ ہونے کے باوجود انگلینڈ نے پاکستان کو چت کر دیا، آخری میچ اور سیریز میں شکست

03 اکتوبر ، 2022

کراچی(اسٹاف رپورٹر)انگلینڈ نے تین مسلسل سیریز ہارنے اور آٹھ صف اول کے کھلاڑیوں کی عدم موجودگی میں پاکستان کو ساتویں ٹی ٹوئینٹی انٹر نیشنل میں یکطرفہ مقابلے کے بعد67 رنز سے شکست دے دی اور سیریز چار تین سے جیت لی رنز کے اعتبار سے یہ پاکستان کی چوتھی بڑی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔17سال بعد انگلش ٹیم پاکستان آئی تھی ۔پاکستان نے تین میچ ضرور جیتے لیکن مہمان کھلاڑیوں نے پروفیشنل انداز میں بابر اعظم الیون کو چت کردیا۔ اتوار کی شب شان مسعودنے سب سے زیادہ56رنز 43گیندوں پر بنائے لیکن دیگر بیٹسمین بری طرح ناکام رہے اور 8وکٹ پر142رنز بناسکے۔فاسٹ بولر کرس ووکس نے26رنز دے کر تین اور ڈیوڈ ولی نے دووکٹ حاصل کئے۔قذافی اسٹیڈیم میں 210رنز کا ریکارڈ ہدف عبور کرنے کا خواب چکنا چور ہوگیا۔انگلینڈ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم کو اسی کے گراونڈ میں آوٹ کلاس کردیا۔شان مسعود کے علاوہ کوئی بیٹسمین قابل ذکر کارکردگی دکھانے میں ناکام رہا۔انگلینڈ نے ورلڈ کپ سے پہلے پاکستان کو ہوم گراونڈ پر آخری میچ اور ٹی ٹوئینٹی سیریز میں شکست دے کر خطرے کی گھنٹے بجادی۔بابر اعظم اور محمد رضوان کے جلد آوٹ ہونے کے بعد مڈل آرڈر بیٹنگ توقعات پوری کرنے میں ناکام رہی۔پاکستانی بولروں کی انگلش بیٹرز نے دل کھول کی دھنائی کی۔فیلڈرز نے تین کیچ چھوڑے اور بیٹنگ لائن ہوم گراونڈ پر نہ چل سکی۔ پاکستان نے اننگز شروع کی تو بابر اعظم اور محمد رضوان تین گیندوں پر آوٹ ہوگئے جس کے بعد پاکستانی بیٹنگ سنبھل نہ سکی۔بابر اعظم صرف چار رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے جبکہ محمد رضوان چار گیندوں پر صرف ایک رن بنا سکے۔چار اوورز کے اختتام پر پاکستان نے دو وکٹوں کے نقصان پر 22رنز بنا ئے تھے۔افتخار احمد19خوش دل شاہ25گیندوں پر27اور چھکوں کی وجہ سے شہرت رکھنے والے آصف علی سات رنز بناسکے۔پاکستان کے ایک سو رنز 15اوورز میں بنے۔قبل ازیں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے اپنے بولروں کو موقع دیا۔ انگلش بیٹسمینوں نے اننگز کا آغاز برق رفتاری سے کیا اور اسی رفتار سے اننگز کا اختتام کیا۔ انگلینڈ نے آخری پانچ اوورز میں60رنز کا اضافہ کیا اور پہلے بیٹنگ کرتے ہوئےتین وکٹ پر209رنز بنائے۔ ملان اور بروک کے کیچ ڈراپ ہوئے اور اس سیریز میں تیسری مرتبہ کسی ٹیم نے 200یا زائد رنز بنائے ہیں ۔ بابر اعظم نے دو اور محمد وسیم نے ایک کیچ ڈراپ کیا جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ڈیوڈ ملان اورہیری بروک نے 64گیندوں کی نا قابل شکست شراکت میں108رنز کا اضافہ کیا۔ملان نے78رنز47گیندوں پر تین چھکوں اور آٹھ چوکوں کی مدد سے بنائے۔ہیری بروک نےچار چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے29گیندوں پر47 تیز رفتار رنز بنائے۔محمد وسیم کی بولنگ پر سب سے زیادہ شاٹس کھیلے گئے ان کے چار اوورز میں61رنز بنے۔ حارث کے چار اوورز میں24رنز بنے۔شاداب نے تین اوورز میں39اور افتخار احمد نے چار اوورز میں34 رنز دیئے۔حارث رؤف کی گیند پر ڈیوڈ ملان نے ایک اونچا شاٹ کھیلا جسے وسیم جونیئر کیچ نہ کر سکے۔ڈیوڈ ملان اس میچ میں دوسری مرتبہ کیچ آوٹ ہونے سے بچے ہیں اور حارث رؤف کی گیند پر یہ اس میچ کا دوسرا ڈراپ کیچ ہوا۔بابر اعظم کی جانب سے ڈیتھ اوورز کے بولر حارث رؤف کو موقع دیا گیا تاکہ ہیری بروک اور ڈیوڈ ملان کی پارٹنرشپ توڑ سکیں۔ حارث رؤف نے ہیری بروک کو بال کروائی اور کیچ آؤٹ کا موقع حاصل کیا مگر بابر نے ایک مرتبہ پھر کیچ ڈراپ کر دیا۔اس سے قبل افتخار کی گیند پر ڈیوڈ ملان نے شاٹ کھیلا تو گیند کپتان بابر اعظم کی جانب گئی۔ ایک لحظے کو لگا کہ وہ کیچ پکڑ لیں گے مگر یہ کیچ ان سے ڈراپ ہو گیا۔افتخار احمد نے بین ڈکیٹ کو بال کروائی تو وہ بولڈ تو نہیں ہوئے لیکن گیند محمد رضوان کے ہاتھ میں پہنچ گئی اور اُنھوں نے بجلی کی سی رفتار سے اُنھیں اسٹمپڈ آؤٹ کر دیا۔وہ 19گیندوں پر 30رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔محمد حسنین نے جب ڈیوڈ ملان کو گیند کروائی تو آؤٹ ہوئے فل سالٹ۔ اُنھیں نائب کپتان شاداب خان نے خاصے فاصلے سے ہی ڈائریکٹ تھرو کر کے رن آؤٹ کر دیا۔وہ 12گیندوں پر20رنز بنا سکے۔محمد حسنین کی گیند پر ایلکس ہیلز ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے ہیں۔ اُنھوں نے 13گیندوں پر 18رنز بنائے۔