برطانیہ میں مہنگائی سے تنگ لوگوں نے بجلی و گیس کے بل جلانا شروع کر دیئے

03 اکتوبر ، 2022

کراچی (نیوز ڈیسک) سابق وزیراعظم عمران خان جب نون لیگ کی حکومت کیخلاف بجلی اور گیس کی بڑھتی قیمتوں کیخلاف کنٹینر پر چڑھ کر احتجاج کیا کرتے تھے تو بل پھاڑنے کی بات کیا کرتے تھے۔ لگتا ہے کہ برطانوی لوگوں تک ان کا پیغام پہنچ چکا ہے اور انہوں نے عمران خان کی بات کو کچھ زیادہ ہی سنجیدگی سے لیا ہے۔ لندن میں ہزاروں افراد نے بجلی اور گیس کی بڑھتی قیمتوں پر احتجاج کرتے ہوئے بل شروع کر دیے ہیں۔ احتجاج کے دوران ہزاروں افراد نے شہر کی سڑکوں پر مارچ کیا، ان کے ہاتھوں میں پلے کارڈز تھے جن پر لکھا تھا ’’جینے کیلئے پیسے نہیں ہیں،‘‘ ’’منافع کو منجمد کرو، لوگوں کو نہیں،‘‘ ’’حکمرانوں کو کھا جائو۔‘‘ بڑھتی مہنگائی کیخلاف احتجاجی مہم چلانے والے تنظیم کے ترجمان کا کہنا تھا کہ لاکھوں لوگ [مہنگائی کے] سمندر میں ڈوب جائیں گے، اور کئی لوگ موسم سرما میں جم جائیں گے۔