پاک کالونی، لڑکی کو ہراساں کرنے اور بلیک میل کرنے والا ملزم گرفتار

03 اکتوبر ، 2022

کراچی( اسٹاف رپورٹر ) پاک کالونی پولیس نے لڑکی کو ہراساں کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزم اسفند ولد شفیق مسمات (ک) کو جو کہ ایک کلینک میں کام کرتی ہے کو گزشتہ کئی ماہ سے جسمانی تعلقات بنانے کے لئے راغب کرتا رہا بصورت دیگر لڑکی کی وڈیوز اور تصاویر کو ایڈیٹ کر کے مختلف سوشل میڈیا پر اپلوڈ کرنے کی دھمکی دے رہا تھا۔ایس ایچ او اشفاق احمد کے مطابق پولیس نے لڑکی کو لڑکے سے بات چیت جاری رکھنے کو کہا اور مزکورہ مقام پر ملنے کو کہا جس پر اسفند نامی لڑکا اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ مذکورہ مقام پر آیا تاہم مسمات (ک) نے پولیس کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے جانے سے انکار کر دیا جسکے بعد پولیس نے اسے گرفتار کر لیا۔انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزم نے دوران تفتیش بتایا کہ اس کے ساتھ مزید کئی لڑکے ملوث ہیں اور جس کلینک میں لڑکی کام کرتی ہے وہاں گائنی کی ایک لیڈی ڈاکٹر لڑکی کے بارے میں تمام معلومات فراہم کرتی تھی ،ملزم کے موبائل سے دیگر لڑکیوں کے ساتھ بلیک میلنگ کرنے اور فحش وڈیو برآمد ہوئی ہیں۔ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے اسے شعبہ تفتیش کے حوالے کر دیا گیا ہے۔متاثرہ لڑکی پاک کالونی جبکہ ملزم لائنز ایریا کا رہائشی ہے ۔