عمران کے لاڈلے پن کا تاثر دور کرکے سزا دی جانی چاہئے،کابینہ کمیٹی سائفر پررپورٹ پارلیمنٹ میں پیش کریگی،وفاقی وزیر داخلہ

03 اکتوبر ، 2022

اسلام آباد،کراچی (نیوز ایجنسیاں ) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان کے لاڈلے پن کا تاثر دور کرکے انہیں سزا دی جانی چاہئے،ایک انٹرویو میں وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ سائفر کے حوالے سے نیشنل سکیورٹی کمیٹی کا اجلاس ہو گیا ہے، جس میں اہم اور بنیادی فیصلے ہوئے، تاہم ان کیمرہ اجلاس کی تفصیل نہیں بتا سکتا، کابینہ کمیٹی برائے سائفراپنی رپورٹ پارلیمنٹ میں پیش کرے گی، ایف آئی اے نے مؤنس الہی کا چالان پیش کردیا فیصلہ عدالت کرے گی، مونس الہی کے خلاف چالان حقیقت پر مبنی ہے،وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے دفاعی ادارے مکمل پروفیشنل ازم سے کام کر رہے ہیں، کوئی بھی دہشت گردتنظیم پسندگروپ داخلی وخارجی سیکورٹی کونقصان نہیں پہنچا سکتا، آرمی چیف کے عہدے کا معاملہ آئینی فریضہ ہے جو وزیراعظم نے ادا کرنا ہے، وزیراعظم نے قواعد وضوابط کے تحت اس فیصلے کو ادا کرنا ہے۔ وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نےایک ٹویٹ میں عمران نیازی کو ضمانت ملنے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عمران نیازی کو ااتوار کے روز ضمانت مل گئی۔ کیا چھٹی کے دن یہ سہولت ہر پاکستانی کیلئے دستیاب ہے، انہوں نے ہا کہ عمران خان اپنی تقریروں میں ہمیشہ کہتے ہیں کہ وہ گرفتاری سے نہیں ڈرتے۔ لیکن گزشتہ رات سے وہ پنجاب، کے پی کے پولیس اور منتخب نیوز چینلز کی ڈی ایس این جیز کے حصار میں کیوں چھپا ہوا ہے؟