سائفر کی ماسٹر کاپی فارن آفس میں موجود ہے، عمران خان

03 اکتوبر ، 2022

ٹیکسلا(این این آئی‘نمائندہ جنگ)تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے حکومت کو چیلنج دیتے ہوئے کہاہے کہ مجھے جیل بھیج کر دکھاؤ‘ اگر آپ کے گھر ڈاکہ پڑے اور چوکیدار کہے میں نیوٹرل ہوں تو کیا آپ چوکیدار کو معاف کردینگے ‘آپ سمجھتے ہیں آپ کہیں میں نیوٹرل ہوں تو قوم آپ کو معاف کردے گی قوم آپ کو معاف نہیں کریگی ‘سائفر کی ماسٹرکاپی دفتر خارجہ میں موجودہے‘حکومت نے تیسری دفعہ میرے گھر پولیس بھیجی‘ امپورٹڈ حکومت سن لو، بجائے دھمکیاں دینے کے پکڑ کے جیل میں ڈال ہی دو‘نہ ہمیں جیلوں اورنہ ہی نامعلوم ٹیلی فون دھمکیوں سے خوف ہے‘ حقیقی آزادی کے لیے جان کی قربانی دینے کو بھی تیار ہوں ‘ طاقت ور حلقوں سے این آر او کی ڈیل کے بغیر اسحق ڈار کبھی پاکستان نہیں آسکتا تھا۔اتوارکو ٹیکسلا میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ امپورٹڈ حکومت کو پیغام دینا چاہتا ہوںتم جتنے مرضی لوگوں کو جیلوں میں ڈالو‘تمہارے پاس اتنی جیلیں نہیں ہیں ‘قوم تیار ہے، میں بھی تیار ہوں۔ سب سن لو پاکستانی قوم نے خوف کا بت توڑ دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت بار بار کہتی تھی کہ کوئی خط نہیں ہے‘میں چیری بلاسم اور مریم نوازکا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے سائفر کو اٹھا دیا، اب پوری قوم کے سامنے آ گیا کہ جو میں کہہ رہا تھا وہ سچ ہے۔اب نیا ڈرامہ ہو رہا ہے کہ سائفر گم گیا ہے، مریم بی بی سائفر گم نہیں ہوا کیونکہ پتا چل جائے گا کہ آپ کے والد اور چاچا نے امریکیوں کے ساتھ مل کر سازش کرکے ہماری حکومت گرائی، اب دفتر خارجہ سے پوچھیں وہاں پر سائفر کی ماسٹر کاپی موجود ہے۔انہوںنے کہاکہ جو اس سازش کو کامیاب ہونے سے روک سکتے تھے، میرا سب سے سوال ہے کہ کیا آپ یہ سمجھتے ہیں کہ قوم آپ کو معاف کردے گی کہ آپ نیوٹرل ہیں، قوم آپ کو معاف نہیں کرے گی۔ملک تباہی کی طرف جارہا ہے، لوگوں کو مہنگائی کی دلدل میں پھنسا دیا، چوروں کو بٹھا کر ان کے کیسز معاف ہو گئے اور ہم کہیں کہ جی میں تو نیوٹرل ہوں۔عمران خان نے کہا کہ نواز شریف سے زیادہ بزدل آدمی کا نام اسحق ڈار ہے، ڈار کی کانپیں ٹانگتی ہیں، میں مان ہی نہیں سکتا کہ جب تک اس سے ڈیل نہیں ہوئی اور طاقت ور حلقوں نے اس کو این آر او کی ڈیل نہیں دی اور دلاسہ نہیں دیا کہ فکر نہ کرو تمہیں پکڑا نہیں جائے گا تب تک وہ گیڈر کبھی پاکستان نہیں آسکتا تھا۔عمران خان نے کہا کہ حسین شریف خود کہہ دیتے ہیں کہ 4 محلات مریم نواز کے ہیں، اب یہ سمجھائیں کہ عدالت نے اسے کیسے بری کر دیا؟۔