جرمنی نے سیلاب متاثرین کیلئے امداد بڑھا کر ساڑھے 12ارب کردی

03 اکتوبر ، 2022

اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی) جرمنی کے سفیر الفریڈ گراناس نے کہا ہے کہ ان کے ملک نے پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کیلئے مالی امداد 56ملین یورو (12،522،462،024) تک بڑھا دی ہے۔ اتوار کواپنے ٹویٹ میں جرمن سفیر نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کی مدد اور حالیہ سیلاب کے تباہ کن اثرات سے نمٹنے کے لیے امداد میں اضافہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کے بہادر لوگوں کے ساتھ کھڑے رہیں گے اور اس مشکل وقت میں اپنی مدد اور تعاون جاری رکھیں گے، ہمارا ملک پاکستان میں سیلاب زدگان کو خوراک، حفظان صحت سے متعلق مصنوعات، طبی سامان وغیرہ فراہم کرے گا، ہماری ہمدردیاں متاثرین کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں جیسا کہ صدر فرینک والٹر اسٹین میئر اور وفاقی چانسلر اولاف شولز نے اپنے ہم منصبوں کے نام تعزیتی خطوط میں اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر سوینجا شولز نے 7 ستمبر کو وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کی،انہوں نے کہا کہ بے گھر افراد جلد از جلد اپنے آبائی علاقوں میں واپس جا سکیں گے،پاکستان نے بین الاقوامی مدد کی درخواست کی اور جرمنی دیگر عطیہ دہندگان کے ساتھ پاکستان کے لیے اپنی مدد کو مربوط کر رہا ہے۔