بھارتی جیلوں میں442سے زائد پاکستانی قیدیوں کی جان کو خطرہ

15 اکتوبر ، 2022

نئی دہلی ، اسلام آباد(کے پی آئی) بھارتی جیل میں پاکستان کی قونصلر رسائی حاصل کرنیوالے پاکستانی شہری محمد علی حسین کے ماورائے عدالت جعلی مقابلے میں قتل کے بعد بھارتی قید میں442سے زائد پاکستانی قیدیوں کے عدم تحفظ اور سلامتی کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے ۔2006میں 26 سالہ محمد علی حسین ہری پور سے لاپتہ ہوا جبکہ10نومبر 2006 کو محمد علی حسین کو وجے نگر پولیس نے گرفتار کیا۔17 اگست 2022 کو بھارتی پولیس نے ریاستی دہشت گردی کا ایک صریح مظاہرہ کرتے ہوئے محمد علی حسین کو جموں کی کوٹ بھلوال جیل سے اسے ٹوف ارنیا ( مقبوضہ کشمیر )کے علاقے میں لایا اور ایک جعلی مقابلے میں شہید کردیا تھا ، غیر سرکاری تنظیم لیگل فورم فار کشمیر کی رپورٹ کے مطابق 2000سے رواں سال 10اکتوبر تک مقبوضہ کشمیرمیں جعلی مقابلوں کے 146بڑے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں جن میں 269بے گناہ کشمیریوں کو شہید کیاگیا۔ رپورٹ میں ان جعلی مقابلوں میں بھارتی فوج ، نیم فوجی دستوں، پولیس اور دیگر ایجنسیوں کے اہلکاروں اوریونٹوں کے بارے میں تاریخوں اورمقامات سمیت تمام تفصیلات بھی شامل ہیں۔ رپورٹ میں پاکستانی شہری محمد علی حسین(اصل نام عزیر الرحمٰن)کے ماورائے عدالت جعلی مقابلے میں قتل کے معاملے کو سامنے لایا گیا ہے ۔