عمران حکومت نے خارجہ پالیسی کو شدید نقصان پہنچایا، چین نے ہر محاذ پر پاکستان کا ساتھ دیا، شہباز شریف

15 اکتوبر ، 2022

اسلام اآ باد ( نمائندہ جنگ )وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ وسط ایشیائی ریاستوں کے ساتھ گہرے روابط ہماری حکومت کی خارجہ پالیسی بنیادی مقصد ہے،مربوط خارجہ پالیسی چاہتے ہیں ،عمران حکومت نے خارجہ پالیسی کو شدید نقصان پہنچایا،چین نے ہرمحاذ پر پاکستان کاساتھ دیا،سیلاب سے ہونے والی تباہی سے نمٹنے اوربحالی میں بھی بیجنگ نے بڑی مدد کی۔وزیر اعظم سے چائنا نیشنل نیوکلیئر کارپوریشن اوورسیز کے وفد نے گزشتہ روز اسلام آباد میں ملاقات کی۔ وفد کی قیادت چائنا نیشنل نیوکلیئر کارپوریشن اوورسیز کے صدرزانگ گیولیانگ نے کی۔انھوں نے کارپوریشن کی جانب سے سیلاب زدگان کی بحالی کے لیے خطیر رقم کا چیک وزیرِ اعظم کے فلڈ ریلیف فنڈ کے لیے پیش کیا۔ملاقات کے دوران وزیرِ اعظم نے کہا کہ چین اور پاکستان کی دوستی بے مثال ہے،چین نے ہر اندرونی اور بیرونی محاذ پر پاکستان کا ساتھ دیا ہے اور ہر مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کے لیے موجود رہا ہے۔انہوں نےکہا کہ حالیہ سیلاب سے ہونے والی تباہی کا مقابلہ کرنے اور سیلاب زدگان کی بحالی کے لیے جاری کاموں میں چین نے پاکستان کی بہت مدد کی۔چائنا نیشنل نیوکلیئر کارپوریشن اوورسیز کی جانب سے سیلاب زدگان کی بحالی کے لیے ایک خطیر رقم کا چیک بھی وزیرِ اعظم کے فلڈ ریلیف فنڈ کے لیے پیش کیا گیا۔ملاقات میں وزیر مملکت پیٹرولیم مصدق ملک،وزیرِ اعظم کے معاونین خصوصی طارق فاطمی، ظفر الدین محمود اور پاکستان میں چین کے سفیرنون رانگ بھی شریک ہوئے۔دریں اثنا سوشل میڈیا پر جاری ایک بیان میں وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ سیکاسربراہی اجلاس میں ہماری توجہ پاکستان کی توانائی ، تجارت اورعلاقائی رابطوں پر مرکوز رہی، وسط ایشیائی ریاستوں کے ساتھ گہرے روابط ہماری حکومت کی خارجہ پالیسی بنیادی مقصد ہے،ہم مربوط خارجہ پالیسی چاہتے ہیں جوعمران خا ن کے دور حکومت میں متاثرہوئی۔ چین اور پاکستان کی دوستی بے مثال ہے،چین نے ہر اندرونی اور بیرونی محاذپر پاکستان کا ساتھ دیا ہے اور ہر مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کے لیے موجود رہا ہے۔