بہت جلد آزادی مارچ کی کال دوں گا، سندھ سمیت وفاق میں ہماری حکومت بنے گی، عمران خان

15 اکتوبر ، 2022

کراچی ( خبر ایجنسیاں ) چیئرمین تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ آزادی مارچ کے لیے کال دینے میں اب زیادہ دیر نہیں جبکہ اس بار تحریک انصاف سندھ میں بھی حکومت میں آئے گی اور وفاق میں بھی۔ کراچی تحریک انصاف کا شہر ہے اور سارے ملک میں سب سے زیادہ سیاسی شعور رکھنے والے کراچی کے شہری ہیں۔کراچی میں بلدیاتی انتخابات کے امیدواروں سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ایک وقت تھا جب پاکستان کی تمام سیاسی تحریکیں کراچی سے اٹھتیں تھیں اور کراچی سب سے پہلے سیاست کی لیڈرشپ لیتا تھا اس لیے میں چاہتا ہوں کہ وہی کراچی واپس آئے جو ملک کی لیڈرشپ لیتا تھا۔ جب کراچی کے حالات اچھے ہوتے ہیں تو سارے پاکستان کے حالات اچھے ہو جاتے ہیں اور جب کراچی میں خوشحالی آتی ہے تو پاکستان خوشحال ہوجاتا ہے۔ اس بار ایسا نہیں ہوگا کہ تحریک انصاف سندھ میں حزب اختلاف میں ہوگی بلکہ اس بار تحریک انصاف وفاق میں بھی آئے گی تو سندھ میں بھی، سندھ میں ڈاکو راج کو ہٹایا جائے گا جو خاندان خاص طور پر گزشتہ 30 برسوں سے سندھ کو لوٹ رہا ہے اور سندھ کے وسائل چوری ہو کر ملک سے باہر جاتے ہیں اور دبئی میں بڑی بڑی عمارتیں خریدی جاتی ہیں۔ اگر کراچی کے اندر انتشار نہ ہوتا اور زرداری مافیا اس پر حاوی نہ ہوتا تو تیزی سے بڑھتا ہوا دبئی بھی کراچی کا مقابلہ نہ کر سکتا۔ علاوہ ازیں سٹی کورٹ میں کراچی بار ایسوسی ایشن کی دعوت پر جناح آڈیٹوریم میں وکلا سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پاکستان تاریخ کے فیصلہ کن موڑ پر کھڑا ہے اگر ان چوروں کو این آر او 2 دے دیا یا پھر یہ کامیاب ہوگئے تو ملک کا کوئی مستقبل نہیں ہوگا۔ کراچی بار ایسوسی ایشن کی دعوت کے لئے شکر گزار ہوں، ملکی تاریخ کا سب سے فیصلہ کن مرحلہ ہے، بڑے بڑے مجرموں کو این آر او 2 دے دیا تو ملک کا کوئی مستقبل نہیں ہوگا۔ چھوٹا چور جیل اور بڑا چور ایوان میں بیٹھے تو ملک کا کیا مستقبل ہےَ وکلا قانون کی حکمرانی سمجھتے ہیں۔ اگر حکمرانوں نے قانون کی دھجیاں اڑائیں تو ہمارامستقبل خراب ہوگا اور ہم نے ایسا ہونے نہیں دینا ہے۔انہوں نے ایک بار پھر اعادہ کیا کہ میں ان چوروں کیخلاف حقیقی آزادی حاصل کرنے کے لیے جہاد کررہا ہوں اور چاہتا ہوں کہ آپ سب اس میں میرے ساتھ ہوں۔ قیام پاکستان کی جدوجہد کی سربراہی وکلا نے کی، اسلیے ہم چاہتے ہیں جدوجہد میں وکلا ساتھ ہوں۔عمران خان نے کہا کہ ڈاکو لوٹ کر باہر جاتے اور این آر او لیکر واپس آتے ہیں اور پھر لوٹ مار کرتے ہیں۔ ہمارے ملک کے وکلاء نے قانونی حکمرانی کے لیے ہمیشہ جدوجہد کی ہے، جس طرح 1947 میں تحریک پاکستان کے عظیم وکیلوں نے کی تھی۔ حقیقی آزادی کے لیے وکلا رول آف لاء کے ساتھ کھڑے ہوں، اس بار یہ چور کامیاب ہوگئے تو ہمارے ملک کا کوئی مستقبل نہیں ہے۔ میں چاہتا ہوں کہ حقیقی آزادی کی جدوجہد میں سب لوگ میرے ساتھ چلیں اس طرح ہم کامیاب ہوں گے۔