ممنوعہ فنڈنگ کیس میں طارق شفیع ، فیصل مقبول کی حفاظتی ضمانت منظور

15 اکتوبر ، 2022

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) اسلام آباد ہائی کورٹ نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں نامزد ملزمان طارق شفیع اور فیصل مقبول کی دس ہزار روپے کے مچلکوں پر21اکتوبر تک حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں ایف آئی اے میں شامل تفتیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے فارن ایکسچینج ایکٹ کے تحت درج ممنوعہ فنڈنگ کیس کے ملزمان کی حفاظتی ضمانت کی درخواست کی سماعت کی۔ درخواست گزار طارق شفیع اور فیصل مقبول اپنے وکیل راجہ قدیر جنجوعہ کے ہمراہ عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔ فاضل وکیل نے عدالت کو بتایا کہ رجسٹرار بینکنگ کورٹ نے درخواست گزاروں کی ضمانت کی درخواست پر اعتراض عائد کیا ہے کہ یہ کیس بینکنگ کورٹ کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا اس لئے ہائیکورٹ سے رجوع کیا گیا ہے۔ دلائل سننے کے بعد فاضل جسٹس نے دس ہزار روپے کے ضمانتی مچلکوں پر 21 اکتوبر تک حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے ایف آئی اے کو ملزمان کی گرفتاری سے روک دیا جبکہ ملزمان کو ایف آئی اے میں شامل تفتیش ہونے کی ہدایت کر دی۔