دنیا میں جنگلی حیات ،نصف صدی میں تقریباً 70فیصد کمی کا انکشاف

15 اکتوبر ، 2022

لندن(آئی این پی)دنیا بھر میں جنگلی حیات کی زیرنگرانی رہنے والی آبادی میں گزشتہ50برسوں میں تقریبا 70فیصد کمی کا انکشاف ہوا ہے، جس کو انسانی نقل و حرکت سے جوڑا گیا ہے۔ ایک نئی رپورٹ میں انسانی سرگرمیوں کے باعث فطرت کے تباہ کن نقصانات پر روشنی ڈالی گئی ہے۔ڈبلیو ڈبلیو ایف لوِنگ پلانیٹ انڈیکس نے رپورٹ میں ممالیہ جانوروں، پرندوں، رینگنے والے جانوروں اور مچھلیوں سمیت 5 ہزار اقسام کی 32 ہزار آبادی کے اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے دنیا بھر میں ان کی تیزی سے کمی کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔لاطینی امریکہ اور کیریبین جیسے حیاتیاتی تنوع سے مالا مال علاقوں میں جانوروں کی آبادی میں کمی کے اعداد و شمار 94 فیصد تک ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ عالمی سطح پر 1970 کے بعد سے نگرانی کیے جانے والے جانوروں کی آبادی میں 69 فیصد کمی آئی ہے۔ڈبلیو ڈبلیو ایف انٹرنیشنل کے ڈائریکٹر جنرل مارکو لیمبرٹینی نے کہا کہ ان کی تنظیم نئے اعداد و شمار پر انتہائی فکرمند ہے۔