خیرسون میں یوکرینی فوج کی پیش قدمی، روس کی شہریوں کو انخلاء کی ہدایت

15 اکتوبر ، 2022

ماسکو(آئی این پی) روس کے زیرقبضہ یوکرینی صوبے خیرسون میں یوکرینی فوج کی پیش قدمی کے باعث روس نے شہریوں کو صوبہ چھوڑنے کی ہدایت کردی ۔خیرسون چھوڑنے والے شہری کریمیا جائیں گے ،روسی وزیراعظم نے کہا ہے کہ خیرسون کے دفاع کیلئے بہترین فوجیوں کو تعینات کیا ہے،خیرسون کے شہریوں کے نکلنے کیلئے بندوبست کیا گیا ہے،دوسری جانب یوکرین نے دعویٰ کیا ہے کہ ایک ہفتے میں 400مربع کلومیٹر پر دوبارہ قبضہ حاصل کر لیا ہے۔تفصیلات کے مطابق جنوبی خطے خیرسون میں یوکرینی افواج کی پیش قدمی کے بعد روس نواز حکام شہریوں کو دیگر شہروں اور روس منتقل ہونے کی ہدایت کر رہے ہیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق خیرسون کے روس نواز ایڈمنسٹریٹر ولادیمیر سالدو کا کہنا ہے کہ میزائل کے حملوں سے بچنے کے لیے انہوں نے خیرسون کے شہریوں کو روس کے علاقوں میں منتقل ہونے کی تجویز دی ہے۔خیرسون ان چار یوکرینی صوبوں میں سے ایک ہے جس کا الحاق روس سے کیا گیا ہے ۔ یہ سٹریٹیجک لحاظ سے سب سے اہم علاقہ ہے۔روسی کے مطابق خیرسون سے شہریوں کے انخلاء میں مدد فراہم کریں گے ۔روسی وزیراعظم مرات خوسنولین نے کہا کہ حکومت نے خیرسون کے شہریوں کے نکلنے کے لیے بندوبست کیا ہے۔روس نے خیرسون کے دفاع کے لیے بہترین فوجیوں کو تعینات کیا ہے۔جو شہری خیرسون سے روانہ ہوں گے وہ کریمیا جائیں گے۔ کریمیا بھی یوکرین کا حصہ تھا جس کا روس سے 2014 میں الحاق ہوا تھا۔یوکرین نے اگست میں روس کے خلاف جوابی کارروائی کا اعلان کیا تھا۔ اس نے دعویٰ کیا تھا کہ ایک ہفتے سے کم عرصے میں 400 مربع کلومیٹر کے علاقے پر دوبارہ قبضہ حاصل کر لیا ہے۔اکتوبر کے آغاز سے یوکرین کی فوج نے جنوبی خطے میں روس کے خلاف پیش قدمی کی ہے۔جمعرات کو کوپیانسک میں روس نے تین میزائل داغے جس کی وجہ سے رہائشی عمارتوں، دکانوں اور سڑکوں کو نقصان پہنچا۔یوکرین کے صدر ولادیمیر زینلنسکی نے کہا ہے کہ مشرقی ڈونیسک میں شراب اور نمک پیدا کرنے والے قصبے بخموت میں شدید لڑائی جا رہی ہے۔بخموت کو بھی روس نے اپنے ساتھ ضم کرنے کی کوشش کی۔