سینیٹ ، اعظم سواتی کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ کرنے پر پی ٹی آئی اراکین کا احتجاج

15 اکتوبر ، 2022

اسلام آباد( جنگ نیوز، نمائندہ جنگ)سینیٹ میں تحریک انصاف کے گرفتار سینیٹر اعظم سواتی کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ کرنے کے پی ٹی آئی کے ارکان نے شدید احتجاج کیا اورچیئرمین کے ڈانس کا گھیرائو کرتے ہوئے اعظم سواتی کے پروڈکشن آرڈر جاری کرو کے نعرے لگاے گئے، پی ٹی آئی نے احتجاج شروع کیا ہی تھا کہ مسلم لیگ ن کے افنان اللہ نے کورم کی نشاندہی کردی، ڈپٹی چیئرمین کورم پورا کرنے لے پانچ منٹ گھنٹیاں بجانے کی ہدایت کردی، کورم پورا نہ ہونے پر ڈپٹی چیئرمین نے اجلاس کی کارروائی پیر کی شام چار بجے تک ملتوی کردی۔اپوزیشن نے اعظم سواتی کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے درخواست سینیٹ سیکریٹریٹ میں جمع کرا دی ۔اجلاس ختم ہونے کے بعد پی ٹی آئی سینیٹرز نے پارلیمانی راہداریوں میں احتجاج کرتے اور نعرے لگاتے ہوئے ڈپٹی چیئرمین مرزا آفریدی کے چیمبر پہنچے اور اعظم سواتی کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔پی ٹی آئی اے سینیٹر اعجاز چوہدری نے ڈپٹی چیئرمین کو بتایا کہ اعظم سواتی نے پیغام بھیجا ہے کہ جو ان کے ساتھ ہوا بہتر ہے انہیں گولی مار دی جاتی۔