اسلام آباد ہائیکورٹ،جاوید لطیف کی دہشتگردی کیس میں حفاظتی ضمانت منظور

15 اکتوبر ، 2022

اسلام آ باد (آئی ا ین پی ) اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی وزیر جاوید لطیف کی دہشت گردی کیس میں حفاظتی ضمانت منظور کرلی۔ ہائی کورٹ میں ن لیگی رہنما جاوید لطیف کے خلاف درج دہشت گردی کیس میں حفاظتی ضمانت کی درخواست کی سماعت ہوئی۔14ستمبر کو عمران خان کیخلاف مذہب سے متعلق پریس کانفرنس کرنے پر میاں جاوید لطیف پر لاہور اور پشاور میں دہشت گردی کے مقدمات درج ہیں۔ وکیل نے کہا کہ دونوں صوبوں میں مخالف پارٹی کی حکومت ہے اس لیے حفاظتی ضمانت چاہ رہے ہیں اور ملک بھر میں درج مقدمات کی تفصیلات بھی طلب کیں جائیں۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے دہشت گردی کے دو مقدمات میں وفاقی وزیر کی دس دس ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض 27 اکتوبر تک حفاظتی ضمانت منظور کرلی اور پولیس کو میاں جاوید لطیف کی گرفتاری سے روک دیا۔ عدالت نے سیکرٹری داخلہ کو صوبوں سے مقدمات کی تفصیل منگوانے کا حکم بھی دیا۔