رواں ہفتے مہنگائی 28.44فیصد رہی ، 18اشیا کی قیمتوں میں اضافہ، شماریات بیورو

15 اکتوبر ، 2022

اسلام آباد ( نمائندہ جنگ) ملک میں رواں ہفتے مہنگا ئی کی شرح28.44فیصد رہی ، گزشتہ ہفتہ کے مقابلے میں مہنگائی کی شرح میں 0.57فیصد کمی ہوئی ہے ، احساس اعشاریوں کےا نڈیکس کے مطابق 51اشیائےضروریہ میں سے 18اشیاء کی قیمتوںمیں اضافہ ، 17میں کمی اور 16کی قیمتوں میں استحکام رہا ۔پاکستان بیور و آف شماریات نے مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ جاری کر دیا ۔ گزشتہ ہفتہ کے مقابلے میں جن اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ان میں ماچس 5.65فیصد، آلو 1.78فیصد ، پائوڈر دودھ 3.82فیصد، بریڈ 2.05فیصد ،پکا ہوا بڑا گوشت 1.47فیصد ، برانڈڈ چائے 1.24فیصد اور جلانے والی لکڑی کی قیمت میں 2.09فیصد اضافہ ہوا ہے، جن اشیا ء کی قیمتوں میں کمی ہوئی ان میں ٹماٹر 13.51فیصد ، انڈے 2.12فیصد ، دال مسور 2.07فیصد ، پیاز 1.57فیصد ، دال چنا 1.39فیصد ، کیلے 1.36فیصد، ایل پی جی 2.76فیصد کمی ہوئی ہے۔