فلسطینی دھڑوں کے درمیان مفاہمتی معاہدہ، اسماعیل ہانیہ کا خیر مقدم

15 اکتوبر ، 2022

الجزیرہ (آئی این پی)فلسطینی سیاسی جماعتوں کے مختلف دھڑوں نے اعلان الجزائر پر دستخط کر دیے ہیں، جس میں ایک مفاہمتی معاہدہ بھی شامل ہے۔ اس معاہدے میں فلسطینی تنظیموں نے پندرہ برسوں کی اندرونی تقسیم کے بعد ایک سال کے اندر قانون ساز کونسل اور صدارتی انتخابات کرانے کا عزم کیا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق حکمران جماعت فتح کے وفد کے سربراہ عزام الاحمد نے اعلامیے پر دستخط کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں الجزائر میں مل کر اس اعلامیے پر دستخط کرنے پر فخر ہے۔ اس کے بموجب ہم فلسطینیوں کی صفوں میں سرایت ہونے والی بے اتفاقی کے مہلک کینسر سے چھٹکارا حاصل کر سکیں۔ حماس کے سیاسی بیورو کے سربراہ اسماعیل ہانیہ نے نئے مصالحتی معاہدے پر دستخط کرنے اور فلسطینی دھڑوں کے درمیان 15 سالہ اندرونی تقسیم کے خاتمے کے عمل کو ایک تاریخی اور شاندار لمحہ قرار دیا۔ہانیہ نے کہا کہ یہ دن فلسطین، الجزائر اور عرب قوم کے اندر خوشی کا دن ہے اور صہیونی ریاست کے لیے ایک غم کا دن ہے۔اس موقعے پر الجزائر کے صدر عبدالمجید تبون نے کہا کہ فلسطینی کاز ،تکلیفوں، مسائل اور مہم جوئی سے گذرا ہے، لیکن آج ایک تاریخی دن ہے کیونکہ پانی اپنے راستے پر لوٹ آیا ہے۔الجزائر کی میزبانی میں ہونے والے اس مکالمے میں 14 دھڑوں نے حصہ لیا، جن میں حماس اور اسلامی جہاد،تحریکوں کے علاوہ فلسطین لبریشن آرگنائزیشن کے فریم ورک سے وابستہ تنظیمیں بھی شامل ہیں۔ انہوں نے فلسطین نیشنل کونسل کے سیکرٹری جنرل کو معاہدے کا اعلامیہ پڑھ کر سنانے کی ذمہ داری سونپی۔