عمر ظہور کیخلاف انٹرپول کے جاری ’’ریڈ نوٹس‘‘ واپس لے لئے گئے

15 اکتوبر ، 2022

لندن (مرتضیٰ علی شاہ) دبئی میں مقیم پاکستانی بزنس مین عمر ظہور کے خلاف انٹرپول کے جاری “ریڈ نوٹس” واپس لے لئے گئے۔ انٹرپول نے عمر فاروق ظہور کا نام مطلوب افراد کی فہرست سے نکال دیا، عمر ظہور کے خلاف مقدمہ ایف آئی اے نے سابق مشیر احتساب شہزاد اکبر کی نگرانی میں شروع کیا گیا تھا۔ عمر ظہور کی سابقہ اہلیہ اداکارہ صوفیہ مرزا نے شہزاد اکبر کی مدد سے عمر ظہور کے خلاف مقدمہ درج کرایا تھا۔ شہزاد اکبر نے ایف آئی اے کو عمر ظہور کے خلاف ہر قیمت پر کارروائی کرنے کا ٹاسک دیا تھا۔ لیون میں انٹرپول کے جنرل سیکرٹریٹ نے عمر ظہور کے خلاف ریڈ نوٹس واپس لینے کی تصدیق کردی۔ دریں اثناء عمر ظہور کی طرف سے انٹرپول کے فیصلے کا خیر مقدم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوفیہ مرزا اور شہزاد اکبر نے میرے خلاف مقدمات بنوا کر ٹیکس دہندگان کا پیسہ ضائع کیا۔