رعایتی قیمت پر ایندھن کی تجارت، پاکستانی سفیر کا روسی حکام سے رابطہ

15 اکتوبر ، 2022

اسلام آباد (خالد مصطفیٰ) وزارت توانائی کے اعلیٰ ذرائع نے بتایا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے نئی سمت کے مطابق روس میں سفیر نے ماسکو میں حکام سے رعایتی قیمت پر ایندھن کی تجارت کے لیے رابطہ کیا ہے۔ پاکستان اب تک متحدہ عرب امارات اور آذربائیجان سے پی او ایل مصنوعات اور ایل این جی حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے۔ وفاقی وزیر مملکت برائے پیٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے متحدہ عرب امارات اور آذربائیجان کا دورہ کیا لیکن ایل این جی اور پی او ایل مصنوعات کے حوالے سے ان سے وعدے کی صورت میں کوئی ریلیف حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ اعلیٰ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ متحدہ عرب امارات کے حکام نے بتایا کہ ان کا ایندھن اور ایل این جی یورپ کے لیے وقف ہے اور پاکستان کو ایل این جی اور پی او ایل مصنوعات فراہم کرنے کے لیے کوئی جگہ دستیاب نہیں ہے۔ یہی جواب پاکستان کو آذربائیجان سے ملا۔ تاہم قطر نے اگلے گرمیوں کے موسم سے سردیوں یعنی جنوری 2023 تک ایک کارگو کو ری شیڈول کرنے کے بعد جنوری 2023 میں ایک اور ایل این جی کارگو فراہم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔عہدیدار نے کہا کہ یہ پیش رفت اس بات کی تصدیق کرتی ہے کہ پاکستان کے سفیر نے اتحادی حکومت کی تازہ ترین ہدایات کے مطابق روسی حکام سے بات چیت کی ہے۔ اس بات کا فیصلہ روس میں پاکستان کے سفیر شفقت علی خان اور روسی وزیر نکولائی شولگینوف کے درمیان جمعرات کو رشین انرجی ویک فورم ماسکو میں سائیڈ لائن پر ہونے والی ملاقات میں کیا گیا۔