”دی لیجنڈ آف مولاجٹ“ کے کھڑاک کا دوسرا دِن، ہرطرف گنڈاسے کا ذکر

15 اکتوبر ، 2022

کراچی (جنگ نیوز) جیوفلمز“ کی پیشکش، انسائیکلومیڈیا اور لاشاری فلمز کا شاہکار ”دی لیجنڈ آف مولا جٹ“ کے کھڑا کا دوسرا دِن، سپر اسٹار اداکار فواد خان، حمزہ علی عباسی، ماہرہ خان اور عمیمہ ملک کی شاندار اداکاری اور بلال لاشاری کی کمال ہدایتکاری کا شاہکار سینما گھروں کی زینت بنا ہوا ہے۔ میگا بجٹ فلم نے لوگوں پر اپنا سحر طاری کردیا ہے، ملک بھر کے سینما گھروں پر فیملیز کا غیر معمولی رَش نظر آرہا ہے، ہرطرف گنڈاسے کا ذکر، سینماگھروں میں مولاجٹ کے نعرے گونج رہے ہیں۔ فلم سے لطف اندوز ہونے والوں کی اکثریت نے ملکی تاریخ کی بہترین فلم قرار دیاہے، اسکرین پلے، اداکاری، مناظر، ڈائیلاگ، ٹیمپو، گرپ سب لاجواب قرار دیئے۔ عوام کا جوش و خروش دیکھنے والا تھا۔ لوگوں کا کہنا تھا کہ فلم میں دکھایا جانے والا تھرل ملک میں تکنیک اور تجربات کے نئے باب کھولے گا۔ ماضی کی ”مولاجٹ“بہترین تھی یہ بھی لاجواب فلم ہے۔ فلم کا اختتامی بہت زبردست ہوا ہے۔ نوجوانوں نے بتایا کہ ہم نے بہت عرصے بعد اتنی شاندار اور تفریح سے بھر پور پنجابی فلم دیکھی ہے۔ ایک نوجوان بچے کا کہنا تھا کہ اس سے بہتر پنجابی فلم اپنی زندگی میں نہیں دیکھی۔